نیویارک: نیویارک میئرزوہران ممدانی نے اپنے سرکاری دفتر میں ایک پُروقار افطار تقریب کا اہتمام کیا جس میں مختلف مذاہب اور کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میئر مامدانی مہمانوں کو روایتی انداز میں کھجور پیش کرتے ہوئے نظر آئے، جسے سوشل میڈیا اور کمیونٹی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔
یہ تقریب ماہِ رمضان کی مناسبت سے منعقد کی گئی، جس کا مقصد شہر میں بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ افطار پارٹی میں کمیونٹی رہنماؤں، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران میئر زوہران مامدانی نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک ایک ایسا شہر ہے جہاں مختلف ثقافتیں اور مذاہب ایک ساتھ مل کر رہتے ہیں، اور رمضان جیسے مقدس مہینے میں اس طرح کی تقریبات باہمی احترام اور یکجہتی کے پیغام کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
افطار کے موقع پر مہمانوں کو کھجور پیش کرنا اسلامی روایت کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ مسلمان عموماً روزہ کھجور اور پانی سے افطار کرتے ہیں۔ میئر مامدانی کا یہ عمل نہ صرف مذہبی روایت کے احترام کی علامت سمجھا گیا بلکہ اسے شہر کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔





