نئی دہلی : بھارت کے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کے لیے بلائے گئے احتجاجی مظاہرے سے قبل بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے ‘کاک روچ جنتا پارٹی’ (CJP) کے بانی اور رہنما ابھیجیت دیپکے (Abhijeet Dipke) کو نئی دہلی ایئرپورٹ پر اترتے ہی حراست میں لے لیا ہے۔
بھارتی ٹی وی چینلز کے مطابق ابھیجیت دیپکے مالیاتی دارالحکومت ممبئی سے نئی دہلی پہنچے تھے جہاں ایئرپورٹ پر پہلے سے موجود پولیس حکام نے ان سے ملاقات کی اور پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے مظاہرہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔ تاہم بعد میں پولیس نے ابھیجیت دیپکے سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کو حراست میں لے لیا۔
‘کاکروچ جنتا پارٹی’ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان کے مطابق تنظیم کے دیگر اہم رہنماؤں سورو داس (Saurav Das) اور آشوتوش رانکا (Ashutosh Ranka) کو بھی ان کی فلائٹ ایئرپورٹ پر لینڈ ہوتے ہی طیارے سے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یوتھ موومنٹ اور اپوزیشن تنظیموں کی جانب سے یہ مظاہرہ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ووٹر لسٹوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی بنا پر طلب کیا گیا تھا۔
نئی دہلی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور مظاہرین کو جنتر منتر یا مرکزی شاہراہوں پر جمع ہونے سے روکنے کے لیے ایئرپورٹ اور دارالحکومت بھر میں سیکیورٹی سخت کر کے احتجاج پر مکمل پابندی عائد کر رکھی تھی۔





