کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنی ایپل نے اپنے معروف اور تاریخی اسمارٹ فون ‘آئی فون ایکس’ (iPhone X) کو اپنی پروڈکٹ سپورٹ پالیسی کے سب سے محدود درجے یعنی آبسلیٹ (Obsolete) کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب دنیا بھر میں ایپل کے کسی بھی سروس سینٹر پر اس ڈیوائس کے لیے آفیشل ہارڈویئر مرمت اور متبادل پرزوں کی فراہمی مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے۔
اب اگر آئی فون ایکس استعمال کرنے والے صارفین کی اسکرین ٹوٹ جاتی ہے، بیٹری خراب ہوتی ہے یا چارجنگ پورٹ میں مسئلہ آتا ہے، تو ایپل یا اس کے مجاز سروس فراہم کنندگان (Authorized Service Providers) ان کی ڈیوائس کی مرمت نہیں کریں گے۔
ایپل کسی بھی پروڈکٹ کی فروخت بند ہونے کے 7 سال بعد اسے ‘آبسلیٹ’ کی فہرست میں ڈالتا ہے۔ نومبر 2017 میں متعارف ہونے والے اس فون کی فروخت ستمبر 2018 میں بند کر دی گئی تھی۔
‘ونٹیج’ اسٹیٹس میں پرزے دستیاب ہونے پر مرمت کی گنجائش ہوتی ہے، لیکن ‘آبسلیٹ’ فہرست میں آنے کے بعد باضابطہ سپورٹ مکمل ختم کر دی جاتی ہے۔
آئی فون ایکس اسمارٹ فون انڈسٹری میں ایک انقلابی فون تسلیم کیا جاتا ہے۔ یہ پہلا آئی فون تھا جس میں روایتی ہوم بٹن اور ‘ٹچ آئی ڈی’ کو ختم کر کے ‘فیس آئی ڈی’ (Face ID) اور او ایل ای ڈی (OLED) نوچ ڈسپلے متعارف کرایا گیا تھا، جس نے آنے والے سالوں میں اسمارٹ فون ڈیزائننگ کے نئے رجحانات قائم کیے۔





