الجزائر سٹی: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے اپنے دورہ الجزائر کے دوران دارالحکومت کی جامع مسجد (Djamaa el Djazair) کا تاریخی دورہ کیا۔ مسجد میں داخل ہونے سے قبل پوپ لیو نے اسلامی شعائر اور مسجد کے تقدس کے احترام میں اپنے جوتے اتارے، جسے عالمی سطح پر بین المذاہب رواداری اور باہمی احترام کی ایک عظیم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
پوپ کا مسجد آمد پر مسجد کے امام اور اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پوپ لیو نے مسجد کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اپنے خصوصی خطاب میں کہا:”خدا کی قربت صرف عبادت تک محدود نہیں، بلکہ سچی عبادت ہر انسان کا احترام کرنے اور امن کے ساتھ مل جل کر رہنے (بقائے باہمی) میں پوشیدہ ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی تنازعات کے دور میں دنیا کو امن کی اشد ضرورت ہے، جو صرف اسی صورت ممکن ہے جب تمام مذاہب کے پیروکار ایک دوسرے کو سمجھنے اور قبول کرنے کا رویہ اپنائیں۔ پوپ نے تمام اقوام کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ دنیا میں انصاف اور معاف کرنے کا جذبہ پروان چڑھے گا۔
سیاسی و مذہبی تجزیہ کاروں کے مطابق، کسی کیتھولک پیشوا کا الجزائر کی مسجد کا یہ پہلا دورہ نہ صرف سفارتی بلکہ مذہبی لحاظ سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ اقدام اسلام اور مسیحیت کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے اور عالمی سطح پر انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
