نیویارک: نیویارک سٹی میں جاری تعمیراتی، مرمتی اور اپ گریڈیشن کے کاموں کے دوران کرایہ داروں کی حفاظت کو یقینی بنانا قانونی طور پر لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف بلڈنگز (DOB) کے کمشنر احمد تیجانی نے اہم پیغام جاری کیا ہے۔
کمشنر کے مطابق اگرچہ شہر میں زیادہ تر ٹھیکیدار اور عمارتوں کے مالکان قوانین کی پاسداری کرتے ہیں، تاہم کسی بھی صورت میں تعمیراتی سرگرمیاں رہائشیوں کے لیے خطرے یا پریشانی کا باعث نہیں بننی چاہئیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ہر عمارت کے لیے “ٹیننٹ پروٹیکشن پلان” (Tenant Protection Plan) کا ہونا اور اس پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے، تاکہ تعمیراتی کام کے دوران کرایہ داروں کو محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔
حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر کسی عمارت میں ہونے والا تعمیراتی کام غیر محفوظ حالات پیدا کرے یا اسے کرایہ داروں کو ہراساں کرنے یا ان پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ایسی صورتحال میں متاثرہ افراد کو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہری آفس آف دی ٹیننٹ ایڈووکیٹ سے ای میل TenantAdvocate@Buildings.nyc.gov کے ذریعے یا فون نمبر 212-393-2550 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف بلڈنگز نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ “محفوظ تعمیر، محفوظ زندگی” (Build Safe, Live Safe) کے اصول کے تحت تمام رہائشیوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔





