نیویارک (ویب ڈیسک): ہالی ووڈ کی مقبول فلم The Devil Wears Prada کے سیکوئل کا بے صبری سے انتظار کرنے والے مداحوں کے لیے ایک دلچسپ اور اسٹائلش خبر سامنے آئی ہے۔ معروف سینما چین Regal Cinemas نے فلم کی تشہیر کے لیے پاپ کارن بالٹیوں کا ایک منفرد ڈیزائن متعارف کرایا ہے جو شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
فلم کی ریلیز کے موقع پر ریگل سینما ایک چمکدار سرخ رنگ کا ہینڈ بیگ فروخت کرے گا جو دراصل پاپ کارن رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ منفرد بیگ نہ صرف سینما دیکھنے کے تجربے کو دلچسپ بنائے گا بلکہ اس کے ساتھ فلم کے مشہور “ٹرائیڈنٹ ہیل” ڈیزائن پر مبنی ایک کلیکٹیبل کی چین بھی فراہم کی جائے گی۔
2006 کی سپر ہٹ فلم کے اس متوقع سیکوئل میں ایک بار پھر ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ Meryl Streep بطور مرانڈا پریسلے جلوہ گر ہوں گی، جبکہ Anne Hathaway، Emily Blunt اور Stanley Tucci بھی اپنی جاندار اداکاری سے فلم کو چار چاند لگاتے نظر آئیں گے۔
اس بار کہانی مرانڈا پریسلے کی ریٹائرمنٹ کے قریب آتی زندگی، گرتی ہوئی پرنٹ میڈیا انڈسٹری اور اپنی سابق اسسٹنٹ کے ساتھ پیشہ ورانہ رقابت کے گرد گھومتی ہے۔ فلمی ماہرین کے مطابق یہ سیکوئل فیشن اور میڈیا کی بدلتی دنیا کو ایک نئے زاویے سے پیش کرے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مرانڈا پریسلے کا کردار فیشن میگزین Vogue کی سابق ایڈیٹر اِن چیف Anna Wintour سے متاثر مانا جاتا ہے، جنہوں نے 2025 میں اپنے عہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فلم اور اس کے ساتھ متعارف کرایا جانے والا خصوصی پاپ کارن ہینڈ بیگ کنٹینر یکم مئی کو سینما گھروں میں دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ ریگل سینما ایک لمیٹڈ ایڈیشن ری یوز ایبل کپ بھی فروخت کرے گا۔
واضح رہے کہ یہ خصوصی ہینڈ بیگ صرف چند منتخب ریگل تھیٹرز میں محدود مدت کے لیے دستیاب ہوگا، جبکہ فلم کے ٹکٹوں کی فروخت پہلے ہی شروع ہو چکی ہے۔





