نیویارک(ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ ریاست منی سوٹا کے گورنر ٹم والز نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس میں ریاستی امور اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے اس گفتگو کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما ریاست کی بہتری کے لیے ایک ہی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے پر متفق ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ منی سوٹا میں جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے، تاہم وہ اور گورنر والز مل کر صورتحال کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اس رابطے کو ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے وفاقی اور ریاستی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب گورنر ٹم والز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک مختلف رخ پیش کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں امیگریشن (ICE) کے آپریشنز کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔
وفاقی حکومت ریاست کی سطح پر اس واقعے کی شفاف تحقیقات ہونے دے جس میں ایک امریکی شہری کی ہلاکت ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق، منی سوٹا میں امیگریشن حکام کی کارروائیوں کے دوران دو امریکی شہریوں کی ہلاکت نے ریاست میں حالات کشیدہ کر دیے ہیں۔
ان واقعات کے بعد عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جس کے باعث اب یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وفاقی حکومت منی سوٹا سے ICE اہلکاروں کو ہٹانے پر غور کر سکتی ہے۔
