امریکہ میں شدیدسرمائی طوفان: 8لاکھ سےزائدگھربجلی سےمحروم،زندگی مفلوج ہوکررہ گئی

ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کے مطابق، 17 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں موسمی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

Atif Khan

نیویارک: امریکہ میں شدید سرمائی طوفان کے باعث اتوار کے روز آٹھ لاکھ سے زائد گھروں اور کاروباری اداروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جبکہ پندرہ ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ بھاری برف باری اور خراب موسم کے سبب معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کے دوران ملک کے مشرقی دو تہائی حصے میں شدید برف باری، ژالہ باری، منجمد کر دینے والی بارش اور انتہائی سرد درجہ حرارت کا سامنا رہے گا۔ اس صورتحال کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز جنوبی کیرولائنا، ورجینیا، ٹینیسی، جارجیا، شمالی کیرولائنا، میری لینڈ، آرکنساس، کینٹکی، لوزیانا، مسیسیپی، انڈیانا اور مغربی ورجینیا میں وفاقی ہنگامی امداد کی منظوری دے دی۔

صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا کہ انتظامیہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ ریاستوں سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محفوظ رہیں اور سردی سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔

ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کے مطابق، 17 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں موسمی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

PowerOutage.us کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کی صبح تک ملک بھر میں آٹھ لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے، جن میں کم از کم تین لاکھ ٹینیسی جبکہ ایک ایک لاکھ سے زائد صارفین مسیسیپی، ٹیکساس اور لوزیانا میں متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ کینٹکی، جارجیا، شمالی کیرولائنا اور الاباما بھی متاثرہ ریاستوں میں شامل ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *