نیویارک سٹی: گورنر کیتھی ہوچول نے نیویارک کی عوام کو خبردار کیا ہے کہ ریاست ایک “خطرناک صورتحال” کا سامنا کر رہی ہے جہاں شدید برف باری کے ساتھ ہڈیاں جما دینے والی سردی کا راج ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیویارک سٹی اور لانگ آئی لینڈ میں 8 سے 14 انچ تک برف باری متوقع ہے، جبکہ ریاست کے کچھ دیگر حصوں میں یہ مقدار 18 انچ تک جا سکتی ہے۔ گورنر نے بتایا کہ ریاست بھر میں درجہ حرارت منفی 20 ڈگری تک گر سکتا ہے، جبکہ نیویارک سٹی میں یہ منفی 10 ڈگری تک محسوس ہوگا۔
پیر کے روز تمام سرکاری ملازمین کو ‘ورک فرام ہوم’ (گھر سے کام) کی اجازت دے دی گئی ہے، اور نجی اداروں کو بھی ایسا ہی کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
کلاسز اسکول میں ہوں گی یا آن لائن نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں کے بارے میں حتمی فیصلہ اتوار کو کیا جائے گا کہ ۔
نیویارک سٹی میں ہونے والے خصوصی ضمنی انتخابات کے لیے اتوار کی ‘ارلی ووٹنگ’ منسوخ کر دی گئی ہے، جس کا ازالہ ووٹنگ کے اوقات بڑھا کر کیا جائے گا۔
شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر
گورنر ہوچول نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ:
راشن اور ضروری ادویات کا ذخیرہ کر لیں۔
اپنی گاڑیوں کے فیول ٹینک بھروا لیں۔
گھروں میں لگے اسموک اور کاربن مونو آکسائیڈ ڈیٹیکٹرز کو چیک کر لیں۔
غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نمک پاشی کا کام شروع کر چکا ہے اور بجلی کی ممکنہ معطلی سے نمٹنے کے لیے عملہ ہائی الرٹ پر ہے۔
