نیویارک سب وےحملہ: مددکےلیےپکارنےوالے نوجوان پر تشدد، ملزم گرفتار

نیویارک سب وے میں جرائم کی شرح میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

Atif Khan

نیویارک(ویب ڈیسک): برونکس کے سب وے سٹیشن پر پیش آنے والے ایک خوفناک واقعے میں 19 سالہ زیک ٹورو اس وقت تشدد کا نشانہ بنے جب انہوں نے ایک دوسرے شخص کو چھرا گھونپتے ہوئے دیکھ کر پولیس کو فون کرنے کی کوشش کی۔

نیویارک پولیس (NYPD) کے مطابق، پیر کی شام پراسپیکٹ ایونیو سٹیشن پر ایک نامعلوم شخص نے پہلے 18 سالہ نوجوان پر چاقو سے حملہ کر کے اس کے پھیپھڑے کو نقصان پہنچایا۔ وہاں موجود زیک ٹورو نے جب یہ منظر دیکھا اور مدد کے لیے 911 پر کال کرنے لگے، تو حملہ آور ان کی طرف بڑھا۔

زیک ٹورو نے میڈیا کو بتایا:”حملہ آور نے مجھ سے پوچھا کہ کیا تم 911 پر کال کر رہے ہو؟ اور پھر وہ میرا فون چھیننے کے لیے مجھ پر جھپٹ پڑا۔ اس نے مجھے زمین پر گرا دیا اور تین سے پانچ بار میرے چہرے پر زور سے لاتیں ماریں۔”

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اس وقت تک ٹورو کے سر پر لاتیں مارتا رہا جب تک اسے پولیس کے سائرن کی آواز نہیں سنائی دی، جس کے بعد وہ فرار ہو گیا۔

بدھ کے روز پولیس نے 32 سالہ رچرڈ شا کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس افسران نے اسے سب وے سسٹم کے اندر پہچان کر حراست میں لیا۔ ملزم پر اقدامِ قتل سمیت متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اس واقعے نے زیک ٹورو کو جسمانی اور ذہنی طور پر ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ “اب میں سب وے میں سفر کرنے سے ڈرتا ہوں اور بہت زیادہ محتاط ہو گیا ہوں۔”

نیویارک سب وے میں جرائم کی شرح میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

حالیہ مہینوں میں مسافروں کو ٹرین کے آگے دھکا دینے اور پلیٹ فارم پر حملوں کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *