ٹرمپ کی فرانسسی صدرکوغزہ بورڈآف پیس میں شامل نہ ہونےپرعہدےسےہٹانےکی دھمکی

امریکی صدر نے فرانس سے درآمد کی جانے والی شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی بھی دی

Editor News

واشنگٹن(ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےدعویٰ کیا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون زیادہ عرصے تک اقتدار میں نہیں رہیں گے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب وہ فرانس کو اپنے مجوزہ غزہ بورڈ آف پیس میں شامل کرنے میں ناکام رہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ٹرمپ کی جانب سے دی گئی اس پیشکش کو مکمل طور پر مسترد کر دیا تھا۔

فرانس کی جانب سے انکار کے بعد امریکی صدر نے فرانس سے درآمد کی جانے والی شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی بھی دی۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فرانسیسی صدر عوام میں غیر مقبول ہیں اور جلد ہی اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔

اسی تناظر میں صدر ٹرمپ نے ایمانویل میکرون کی جانب سے بھیجا گیا ایک نجی پیغام بھی منظرِ عام پر لایا، جس میں فرانسیسی صدر نے گرین لینڈ سے متعلق ٹرمپ کے بعض مؤقف پر حیرانی کا اظہار کیا تھا اور ایک G7 اجلاس کے دوران مشترکہ تعاون کی تجویز دی تھی۔

دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف لگانے کی دھمکی کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اس طرح کے یکطرفہ اقدامات کا متحد ہو کر جواب دے گی۔

ایمانویل میکرون اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ وہ اپنی آئینی مدت پوری کریں گے اور تمام سیاسی دباؤ کے باوجود مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ واضح رہے کہ ایمانویل میکرون نے 2017 میں فرانس کی صدارت سنبھالی تھی اور بعد ازاں دوبارہ منتخب ہوئے، تاہم ان کے دورِ حکومت میں پارلیمانی عدم اعتماد کی تحریکوں اور سیاسی دباؤ نے ان کی مقبولیت اور سیاسی استحکام کو متاثر کیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *