نیویارک / برونکس (ویب ڈیسک):نیویارک شہر کے میئر زہران کوامی مامدانی (Zohran Kwame Mamdani)، ڈائریکٹر و ڈپٹی میئر لیلا بوزرگ، اور نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی (NYCHA) کی سی ای او لیزا بووا-ہائیٹ نے برونکس میں نیویارک کی تیسری سب سے بڑی پبلک ہاؤسنگ کالونی ‘ایڈن والڈ ہاؤسز’ (Edenwald Houses) میں مکمل طور پر جدید بنائے گئے کمیونٹی، چائلڈ کیئر اور سینئر سینٹرز کا باضابطہ ربن کاٹ کر افتتاح کر دیا ہے۔
20 سال سے زائد عرصے سے بند رہنے والے سینئر سینٹر کو بحال کر کے اسے ایڈن والڈ ٹیننٹ ایسوسی ایشن کے دیرینہ صدر والٹر جے میک نیل (Walter J. McNeill) کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جنہوں نے دہائیوں تک اس کمیونٹی کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔
یہ افتتاح ایڈن والڈ ہاؤسز کی 783 ملین ڈالر کی مجموعی تزئین و آرائش کے PACT (Permanent Affordability Commitment Together) پروگرام کا اہم حصہ ہے۔ یہ منصوبہ 2,035 اپارٹمنٹس میں مقیم 5,000 کے قریب شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرے گا۔
سینئر سینٹر میں تجارتی کچن، ایونٹ ہال، کمپیوٹر لیب اور مفت ٹرانسپورٹ و خوراک کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ‘موشولو مونٹیفیور کمیونٹی سینٹر’ نوجوانوں کے لیے سرگرمیاں فراہم کرے گا جبکہ سوسن ویگنر ڈے کیئر میں جدید پلے ایریا اور سیسے (Lead) کے پینٹ کا خاتمہ کیا گیا ہے۔
میئر مامدانی نے کہا کہ “مسٹر میک نیل کی قیادت میں ایڈن والڈ کے رہائشیوں نے اپنے گھروں اور کمیونٹی کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ ہم نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ان کی کمیونٹی کو وہ سہولیات فراہم کی ہیں جن کے وہ حقدار ہیں۔ PACT پروگرام کے تحت ہم پبلک ہاؤسنگ کے حقوق کو برقرار رکھتے ہوئے اسے جدید ترین بنا رہے ہیں”۔
ایسٹ برونکس کے نمائندوں بشمول اسمبلی اسپیکر کارل ہیسٹی، سینیٹر جمال بیلی اور برونکس بورو پریذیڈنٹ وینیسا گبسن نے بھی اس اہم تاریخی سنگِ میل کی تعریف کی اور اسے عوامی و نجی شراکت داری کی شاندار مثال قرار دیا۔





