نیویارک : امریکی ریاست نیویارک کے علاقے رچمنڈ ہل (Richmond Hill) میں ایک انتہائی دردناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 32 سالہ ماں فرانسس کیبیلو (Francis Cabello) نے مبینہ طور پر اپنی 5 سالہ معصوم بیٹی فابیانا کیبیلو (Fabiana Cabello) کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ ملزمہ ماں نے خود ایمرجنسی 911 پر کال کر کے اپنی بیٹی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
پولیس اور استغاثہ کے مطابق یہ ہولناک واقعہ بدھ کی شام کو 110th اسٹریٹ رچمنڈ ہل میں واقع ایک رہائشی مکان میں پیش آیا۔ شام تقریباً 7 بجے پولیس کو ملزمہ کی کال موصول ہوئی جس میں اس نے کہا کہ “میں نے اپنی بیٹی کو مار ڈالا ہے”۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو ماں نیچے موجود تھی جبکہ 5 سالہ فابیانا کی لاش اوپر کمرے سے برآمد ہوئی جس کے ناک اور منہ سے خون بہہ رہا تھا۔ بچی کو فوری طور پر جمیکا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی
جمعہ کے روز کریمنل کورٹ کی جج جینیفر سینٹ پریکس (Jennifer Saint-Preux) کے سامنے ملزمہ فرانسس کیبیلو کو پیش کیا گیا جہاں اس پر باضابطہ قتل (Murder) کی دفعات عائد کرتے ہوئے اسے بغیر ضمانت (Without Bail) کے حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا۔
پراسیکیوٹرز نے عدالت کو بتایا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم کے مطابق بچی کے چہرے پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں جبکہ اس کی آنکھوں، دل اور پھیپھڑوں میں ایسے علامات (Petechiae) ملے ہیں جو گلا گھونٹنے یا دم گھٹنے (Asphyxia) کے معاملات میں ظاہر ہوتے ہیں۔ موت کی حتمی وجہ طبی رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
بچی کے نانا فرینک لین کیبیلو (Franklin Cabello) نے میڈیا اور پولیس کو بتایا کہ ملزمہ ماں ذہنی بیماری کا شکار تھی اور اس کا علاج اور دوائیں جاری تھیں۔ واقعے کے وقت وہ گھر کے نیچے تھے اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اوپر کمرے میں کیا ہو رہا ہے۔
پڑوسیوں نے 5 سالہ فابیانا کو ایک ہنستے کھیلتے اور خوش مزاج بچے کے طور پر یاد کیا جو اکثر سائیکل اور اسکوٹر پر باہر کھیلا کرتی تھی۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔





