نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے یمن سے متعلق ماہانہ بریفنگ کے دوران سعودی عرب پر ہونے والے حوثی حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جن میں مکہ مکرمہ گورنریٹ کے انفراسٹرکچر اور مدینہ منورہ میں طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم کا اہم بیان دہرایا کہ “پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے”۔
انہوں نے واضح کیا کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ اور اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، ارضی سالمیت اور سلامتی کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
پاکستان نے سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی بھرپور حمایت کی ہے۔
پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مقدس مقامات اور فلاحی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے اقدام کو انتہائی اشتعال انگیز اور قابلِ مذمت قرار دیا۔
سفیر عاصم افتخار نے یاد دلایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور سیاسی تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔





