نیویارک: نیویارک کے علاقے مڈ ٹاؤن مین ہیٹن میں پیر کی صبح ایک دردناک سڑک حادثے میں ڈمپ ٹرک کی ٹکر سے سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپ ٹرک کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ویسٹ 34th اسٹریٹ اور 7th ایونیو کے قریب پیش آیا۔ ہنگامی امدادی ٹیموں اور پولیس کو صبح تقریباً 10:51 بجے حادثے کی اطلاع موصول ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق سائیکل سوار اور ڈمپ ٹرک دونوں 34th اسٹریٹ پر مغرب کی جانب 7th ایونیو کی طرف جا رہے تھے کہ ٹرک نے سائیکل سوار کو کچل دیا۔
حادثے کے فوراً بعد ڈمپ ٹرک کا ڈرائیور موقع پر رکنے کے بجائے فرار ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی طبی امدادی ٹیمیں (EMS) موقع پر پہنچیں، تاہم شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سائیکل سوار کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
نیویارک پولیس (NYPD) نے علاقے کو سیل کر کے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے فرار ہونے والے ڈمپ ٹرک کی تلاش اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔





