نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس (PMO) سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، جو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ نیویارک میں موجود ہیں، نے کویت کے ولی عہد کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے کویت کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں “امن، استحکام اور خوشحالی” کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔





