اسلام آباد: پاکستان نے عالمی کیپٹل مارکیٹ میں اپنی باقاعدہ واپسی کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے امریکی ڈالر بینچ مارک یورو بانڈز کے اجرا کے لیے پیشکش کا عمل شروع کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، حکومتِ پاکستان نے 5 سالہ اور 10 سالہ مدت (Tenor) کے یورو بانڈز کی پیشکش کا ابتدائی مرحلہ شروع کیا ہے۔ تاہم، یورو بانڈز کی حتمی فروخت اور اجرا عالمی مالیاتی منڈیوں کی موجودہ صورتحال اور حالات کے عین مطابق کیا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کے ترجمان نے بتایا کہ حالیہ مہینوں کے دوران پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ (Sovereign Credit Rating) میں مسلسل بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ملک کے بنیادی معاشی اشاریوں میں استحکام کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس یورو بانڈ کا کامیابی سے اجرا پاکستان کو عالمی مالیاتی و کیپٹل مارکیٹوں تک دوبارہ مؤثر رسائی فراہم کرے گا، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور معاشی استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔





