نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سوڈان کے شہر ‘العُبید’ (El Obeid) کے گرد معرکے اور ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے جارحانہ ملٹری رویے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ العُبید شہر کی صورتحال کو دارفور، الجنينہ اور الفاشر میں RSF کی جانب سے ڈھائے جانے والے بڑے پیمانے کے مظالم کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ سلامتی کونسل اور عالمی برادری کو کسی اور شہر یا عام شہریوں کو ایسے مظالم کا شکار نہیں بننے دینا چاہیے۔
شہریوں اور بنیادی انفراسٹرکچر پر حملوں کی مذمت: پاکستان نے عام شہریوں، ہسپتالوں، سکولوں، منڈیوں، عباد گاہوں، امدادی سہولیات اور امدادی قافلوں پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔
بین الاقوامی قانون کی پاسداری: سفیر عاصم افتخار نے زور دیا کہ تمام فریقین پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون (International Humanitarian Law) کی مکمل پاسداری کریں۔





