نیویارک (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل (UN Security Council) کی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کے سامنے درپیش اہم ترین ادارہ جاتی اقدامات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اصلاحات ایسی ہونی چاہئیں جو کونسل کی نمائندگی کو وسیع کریں اور شمولیت کو مضبوط بنائیں، نہ کہ ایک قسم کی انفرادیت یا اجارہ داری کو دوسری انفرادیت سے بدل دیں۔
انٹر گورنمنٹل نیگوشی ایشنز (IGN) کے عمل کی زبانی رول اوور فیصلہ سازی کی مسودہ بندی کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے دوران آئی جی این (IGN) کے عمل میں تعمیری انداز میں حصہ لینا جاری رکھے گا۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل میں اصلاحات کے بنیادی اصول کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایسی جامع اصلاح کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے جو ”اصلاحات سب کے لیے – مراعات کسی کے لیے نہیں“ (Reform for All – Privilege for None) کے وژن کو یقینی بنائے۔
پاکستان طویل عرصے سے سلامتی کونسل میں مستقل نشستوں میں اضافے اور ویٹو پاور میں توسع کے خلاف رہا ہے، اور اس کا مؤقف ہے کہ کونسل کو زیادہ جمہوری، جوابدہ، اور تمام رکن ممالک کی مساوی نمائندگی کا حامل ہونا چاہیے۔





