میامی(ویب ڈیسک): میجر لیگ ساکسر (MLS) پلیئرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ حالیہ فہرست کے مطابق، ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی بدستور لیگ کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی برقرار ہیں۔ انٹر میامی کے ساتھ معاہدے کی توسیع کے بعد میسی کی بنیادی سالانہ تنخواہ 25 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہے، جو کہ فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود جنوبی کوریا کے اسٹار سن ہیونگ من کے معاوضے سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق میسی کا مجموعی گارنٹی شدہ معاوضہ 28.3 ملین ڈالرز بنتا ہے۔ دوسری جانب ٹاٹنہیم کے سابق کپتان سن ہیونگ من، جنہوں نے حال ہی میں لاس اینجلس ایف سی (LAFC) جوائن کیا ہے، 10.36 ملین ڈالرز بنیادی تنخواہ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
فہرست میں تیسرا نمبر بھی انٹر میامی کے حصے میں آیا جہاں روڈریگو ڈی پال 9.7 ملین ڈالرز کے ساتھ موجود ہیں۔ میکسیکو کے ہرونگ لوزانو 9.3 ملین ڈالرز کے ساتھ چوتھے اور اٹلانٹا کے میگوئل المیرون 7.9 ملین ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ 38 سالہ میسی، جو اگلے ماہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے اعزاز کا دفاع کریں گے، گزشتہ دو سیزن سے ایم ایل ایس کے ‘موسٹ ویلیو ایبل پلیئر’ بھی قرار پائے ہیں۔
