نیویارک(ویب ڈیسک): جمعرات کی دوپہر نیویارک سٹی ہال کے باہر ‘ٹیمسٹرز لوکل 821’ (Teamsters Local 821) کے سینکڑوں کارکنان نے اپنی پینشن اور ریٹائرمنٹ مراعات کی بحالی کے لیے شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین نے سٹی ہال کے گیٹ پر جمع ہو کر “ہمیں اندر جانے دو” کے نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ سینی ٹیشن اور ویسٹ مینجمنٹ ورکرز کو بھی وہی پینشن فوائد دیے جائیں جو پولیس (NYPD) اور فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) کو حاصل ہیں۔
پبلک ایڈووکیٹ جمان ولیمز نے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھ سے باہر ہے کہ کریکشن افسران اور سینی ٹیشن ورکرز کو ان کے جائز حقوق سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا بنیادی اعتراض ‘ٹیئر 3’ (Tier 3) ریٹائرمنٹ سسٹم پر ہے، جس کے تحت 62 سال کی عمر میں ورکرز کی پینشن میں ان کے سوشل سیکیورٹی فائدے کا 50 فیصد کٹوتی کر لی جاتی ہے۔
احتجاج کے دوران سٹی کونسل کے اراکین کو سخت سیکیورٹی میں لایا اور لے جایا گیا۔ سیکیورٹی کے پیش نظر این وائی پی ڈی (NYPD) کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ بھی موقع پر موجود تھا۔ تقریباً 40 منٹ کے بھرپور احتجاج کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہونا شروع ہوئے، تاہم سٹی ہال کا ایک داخلی راستہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
