نیویارک: سابق امریکی صدر براک اوباما نے ہفتے کے روز نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر زہران ممدانی سے پہلی بار ملاقات کی۔
یہ ملاقات ایک چائلڈ کیئر سینٹر میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے پری اسکول کے بچوں کو “Alone and Together” نامی کتاب پڑھ کر سنائی اور بچوں کے ساتھ مل کر مشہور گیت “The Wheels on the Bus” بھی گایا۔
34 سالہ زہران ممدانی، جو کہ ایک ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہیں، نے حال ہی میں اپنے عہدے کے 100 دن مکمل کیے ہیں۔ براک اوباما، جو ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اہم ستون سمجھے جاتے ہیں، نے ممدانی کے لیے ایک ‘گائیڈ’ یا مشیر کے طور پر اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ممدانی اپنی نوجوان نسل کی نمائندگی، غیر معمولی مقبولیت اور ترقی پسند ایجنڈے کی وجہ سے امریکی سیاست میں تیزی سے ابھر رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ممدانی ایک طرف اوباما جیسے ڈیموکریٹک رہنماؤں سے قربت بڑھا رہے ہیں، تو دوسری طرف وہ ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ممدانی اب تک دو بار وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کر چکے ہیں، تاہم حال ہی میں ان کے تعلقات میں تناؤ دیکھا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ممدانی کی ٹیکس پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ “نیویارک کو تباہ کر رہے ہیں” اور شہر کی وفاقی فنڈنگ روکنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
زوہران ممدانی نے رواں سال جنوری میں نیویارک کو ایک سستا اور محنت کش طبقے کے لیے بہتر شہر بنانے کے عزم کے ساتھ اقتدار سنبھالا تھا۔

