نیویارک سٹی(ویب ڈیسک): نیویارک ریاست میں 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً 9.4 ملین ڈالر مالیت کے ‘اسنیپ’ (SNAP) فوڈ بینیفٹس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر نیویارک سٹی کونسل میں ایک نیا بل پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد غریب اور مستحق شہریوں کے پیسوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
سٹی کونسل ممبر سوسن ژانگ (Susan Zhang) کی جانب سے پیش کردہ اس بل کے تحت محکمہ سماجی خدمات (DSS) میں ایک خصوصی ‘اسنیپ اینٹی فراڈ آفیسر’ کا عہدہ تخلیق کیا جائے گا۔
اس افسر کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں ان میں
ان علاقوں کی نشاندہی کرنا جہاں بینیفٹس چوری کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
صارفین کو فراڈ سے بچنے کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کرنا۔
مستقبل میں چوری روکنے کے لیے نئے طریقہ کار وضع کرنا۔
ہر سال سٹی کونسل کو فراڈ کی شرح اور کی گئی کارروائیوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنا۔
کونسل ممبران کے مطابق، ‘ای بی ٹی کارڈ اسکیمنگ’ (EBT Card Skimming) چوری کا سب سے عام طریقہ ہے۔ ہیکرز اسٹورز یا اے ٹی ایم مشینوں پر خفیہ ڈیوائسز لگا کر کارڈ کا ڈیٹا کاپی کر لیتے ہیں اور پھر جعلی کارڈز کے ذریعے اکاؤنٹ سے رقم نکال لیتے ہیں۔ اکثر متاثرین کو اس کا علم تب ہوتا ہے جب وہ اگلی خریداری کرنے جاتے ہیں اور ان کا بیلنس ختم ہو چکا ہوتا ہے۔
نیویارک سٹی کونسل کے مطابق، 2023 کے آخر سے 2024 کے آغاز تک 61,000 سے زائد نیویارکرز نے ای بی ٹی فراڈ کی شکایات درج کرائیں۔ ان کوششوں کے نتیجے میں جنوری 2025 تک تقریباً 47 ملین ڈالر کے چوری شدہ بینیفٹس بحال کروائے گئے۔
کونسل ممبر سوسن ژانگ نے کہا:”اس شہر میں کوئی بھی شخص کسی بھی وجہ سے بھوکا نہیں رہنا چاہیے، خاص طور پر اس لیے کہ کسی نے ان کے کھانے کے پیسے چرا لیے ہوں۔ ہم کسی کو مستحقین کے پیسے چوری کر کے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔”





