لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

امریکی بحریہ کےنئےجنگی جہازمہنگےپڑنےلگے،30 سالہ منصوبےکی لاگت میں18فیصداضافےکا انکشاف

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن / نیویارک (ویب ڈیسک): امریکی کانگریس کو پیش کی گئی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی بحریہ (US Navy) کی جانب سے نئے ’ٹرمپ کلاس‘ (Trump-class) جنگی بحری جہازوں (Battleships) کی تعمیر کے عزم نے نئے بحری بیڑے کی مجموعی لاگت میں اربوں ڈالر کا اضافہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب قائم مقام سیکرٹری بحریہ ہنگ کاؤ (Hung Cao) نے رواں ہفتے سینیٹ کمیٹی کے روبرو اعتراف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ امریکی بحری بیڑے کی آپریشنل صلاحیتوں کو شدید دباؤ (Stretching) میں ڈال رہی ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی بحری قوت کو درپیش چیلنجز اس وقت مزید نمایاں ہو گئے جب بدھ کے روز طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن (USS George Washington) کی مشرقِ وسطیٰ سے واپسی کے بعد تقریباً تین ماہ کے غیر معمولی وقفے کا خاتمہ ہوا، جس کے دوران پورے بحرالکاہل (Pacific) میں امریکہ کا ایک بھی طیارہ بردار جہاز موجود نہیں تھا۔

رپورٹ کے مطابق بحری جہازوں کی تعیناتی باقاعدگی سے 300 دنوں سے تجاوز کر رہی ہے اور انہیں طویل عرصے تک سمندر میں رکھنے کے لیے مرمت اور دیکھ بھال (Maintenance) کے کام مؤخر کیے جا رہے ہیں۔

چین کی تیز رفتار جہاز سازی کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی بحریہ آئندہ 30 برسوں میں اپنے جنگی جہازوں کی تعداد 286 سے بڑھا کر 381 کرنا چاہتی ہے۔ تاہم بحریہ کے 2027ء کے جہاز سازی منصوبے پر کانگریشنل بجٹ آفس (CBO) کے تجزیے کے مطابق بحریہ نے نئے بیڑے کی لاگت کا تخمینہ اربوں ڈالر کم لگایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ 30 سالوں میں جہاز سازی کی اوسط سالانہ لاگت 54 ارب ڈالر (2026ء کے ڈالر کے مطابق) ہوگی، جو بحریہ کے اندازوں سے 18 فیصد زیادہ ہے۔

اس اضافی لاگت کی بڑی وجہ 15 بڑے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس ’ٹرمپ کلاس‘ جنگی جہازوں کی خریداری کا فیصلہ ہے، جن کے بارے میں صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ یہ کسی بھی سابقہ امریکی جنگی جہاز کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ طاقتور ہوں گے۔ تاہم سینیٹ کی اپروپریشنز کمیٹی نے رواں ہفتے رواں مالی سال میں ان جہازوں کی ابتدائی خریداری کے لیے مانگے گئے ایک ارب ڈالر کے فنڈ کو کم کر کے صفر کرنے کی تجویز دی ہے۔