نیویارک / واشنگٹن (ویب ڈیسک):تھینکس گیونگ (Thanksgiving) کی تعطیلات کے موقع پر لاکھوں امریکی شہریوں کی سفری تیاریوں کے درمیان ملک بھر میں ریگولر پیٹرول (Regular gasoline) کی قومی اوسط قیمت کم ہو کر 3.81 ڈالر فی گیلن پر آ گئی ہے، جس سے ڈرائیوروں کو کسی حد تک مالی ریلیف میسر آیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرول کی قومی اوسط قیمت گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 19 سینٹ جبکہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 51 سینٹ کم ہوئی ہے۔ ماہرین اس کمی کی بنیادی وجوہات میں تیل کی پیداوار میں اضافے، طلب میں کمی اور ایران جنگ (Iran war) کی صورتحال میں نسبتاً ٹھہراؤ کو قرار دے رہے ہیں۔
نیویارک کے علاقے میں ڈرائیوروں نے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیرمقدم کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کے اخراجات اب بھی ان کی جیبوں پر بھاری بوجھ ہیں۔
ڈرائیور رابرٹ میو (Robert Mayo) نے کہا کہ “میرا مطلب ہے کہ مجھے امید ہے یہ مزید نیچے جائے گی۔ یہ اچھا ہوگا اور ہر کسی کی جیب کے لیے ریلیف کا باعث بنے گا۔”
ایک اور شہری کین کلین (Ken Klein) نے بتایا کہ وہ ایندھن پر خرچ محدود رکھنے پر مجبور ہیں: “ایک وقت میں صرف 20 ڈالر کا پیٹرول، میں بس اتنا ہی کر سکتا ہوں۔”
مگڈالیا سانچیز (Migdalia Sanchez) نے کہا کہ مہنگے پیٹرول نے ان کی ڈرائیونگ کی عادات بدل دی ہیں: “آپ غیر ضروری ڈرائیونگ محدود کر دیتے ہیں، آپ کوشش کرتے ہیں کہ سارے کام ایک ہی چکر میں نمٹا لیں تاکہ بار بار گاڑی نہ چلانی پڑے اور پیٹرول کم خرچ ہو۔”
پیٹرول کی قیمتوں میں یہ کمی عین تھینکس گیونگ کے سفری سیزن سے پہلے سامنے آئی ہے، جس کے دوران اندازے کے مطابق تقریباً 7 کروڑ 50 لاکھ (75 ملین) امریکی شہری سڑکوں کے ذریعے سفر کریں گے، تاہم یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ (100,000) مسافر کم ہے۔
بعض ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے باوجود قیمتیں اب بھی ان کی توقعات سے زیادہ ہیں۔ ایک ڈرائیور نے کہا کہ “یہ صورتحال اب بھی خراب ہے، میں بہت زیادہ سفر کرتا ہوں اور ماہانہ سینکڑوں ڈالر پیٹرول پر خرچ ہو جاتے ہیں جو دیگر ضروریات پر خرچ ہو سکتے تھے۔”
اسی طرح شیرونا فرنانڈیز (Sharona Fernandez) نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں مزید بڑی کمی ہونی چاہیے: “اسے 3 ڈالر سے کہیں نیچے جانا چاہیے، اسے اتنا ہی سستا ہونا چاہیے جتنا چند سال پہلے ہوا کرتا تھا۔”





