انطالیہ / نیویارک (ویب ڈیسک): ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ (Antalya) میں جاری اقوامِ متحدہ کی اہم ماحولیاتی سربراہی کانفرنس (COP31) کے آخری سرکاری روز بھی حتمی معاہدے پر اتفاق نہ ہو سکا، جس کے بعد مذاکرات اضافی وقت (Overtime) میں داخل ہو گئے ہیں۔
تقریباً 200 ممالک کے مندوبین دو ہفتوں کی طویل بحث و مباحثے اور ماحولیاتی تباہ کاریوں پر جذباتی تقاریر کے باوجود جمعہ کی شام کی مقررہ ڈیڈ لائن تک اپنے اختلافات دور کرنے میں ناکام رہے۔
برازیل کے قومی سیکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی الوئیسیو لوپس پریرا ڈی میلو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صورتحال کی سنگینی کو ان الفاظ میں بیان کیا: “اس وقت کوئی بھی خوش نہیں ہے۔”
مذاکراتی عمل سے باخبر ذرائع کے مطابق اب ہفتے کی صبح تک کسی نئے مسودے کے سامنے آنے کا امکان کم ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں جاری ہونے والے ابتدائی مسودے میں کوئلے، تیل اور گیس (Fossil fuels) کے بتدریج خاتمے میں تیزی لانے کا پرزور مطالبہ شامل تھا، تاہم جمعرات کو پیش کیے گئے دوسرے اور مختصر مسودے سے فوسل فیولز کا ذکر مکمل طور پر نکال دیا گیا اور بجلی کے نظام کی منتقلی (Electrification) کے اہداف کو بھی کمزور کر دیا گیا، جس پر شدید ردِعمل سامنے آیا۔
کانفرنس کے اندرونی ذرائع کے مطابق سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جو معاہدے میں کاربن کیپچر یوٹیلائزیشن اینڈ اسٹوریج (CCUS) کو نمایاں جگہ دینے پر زور دے رہے ہیں تاکہ پیرس معاہدے کے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہدف کو برقرار رکھا جا سکے۔ تاہم ماحولیاتی مشاورتی ادارے ’کلائمیٹ اینالیٹکس‘ کے سینئر ماہر نیل گرانٹ نے اسے فوسل فیول مفادات کا “ٹروجن ہارس” قرار دیا۔
دوسری جانب پاناما، بیلجیئم، آئیوری کوسٹ، فن لینڈ، یونان، سولومن آئی لینڈز اور سویڈن سمیت آٹھ ممالک نے معاہدے میں “فوسل فیولز سے واضح منتقلی” کی شق بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
پاناما کے وزیرِ ماحولیات جوان کارلوس ناوارو نے مذاکرات کے صدر اور آسٹریلوی وزیرِ ماحولیات کرس بوون (Chris Bowen) کو کھلا خط بھی لکھا اور کہا کہ “ایسا کوئی بھی معاہدہ قابلِ قبول نہیں جس میں فوسل فیولز کا ذکر تک نہ ہو، ہم اسے ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔” تاہم کرس بوون نے پرامید لہجے میں کہا کہ کسی نے ہار مان کر گھر جانے کی بات نہیں کی اور معاہدے کو کامیاب بنانے کا جذبہ اب بھی موجود ہے۔
جمعہ کی صبح گھانا، زیمبیا، سینیگال، کینیا اور سیرالیون کے وزراء نے ایک ڈرامائی پریس کانفرنس میں امیر ممالک پر الزام عائد کیا کہ غلامی اور نوآبادیاتی دور کے بعد اب کاربن ٹیکسز کے ذریعے افریقہ کے معدنی وسائل اور صنعتی ترقی کو روک کر براعظم کا تیسرا استحصال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ افریقی مذاکراتی گروپ کی وزارتی سربراہ اور گھانا کی زینیٹر ایگیمین رولنگز (Zanetor Agyeman-Rawlings) نے دوٹوک کہا: “افریقہ ایسا کوئی نتیجہ قبول نہیں کرے گا جس میں وسائل فراہم کیے بغیر محض اعلانات کیے جائیں۔ ہم یہاں بھیک مانگنے نہیں آئے، بلکہ اپنے عوام کے لیے وہ حق مانگنے آئے ہیں جو ترقی یافتہ ممالک کی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی بحران کی قیمت چکا رہے ہیں۔”
دوسری جانب یورپی یونین کے ایک سینئر عہدیدار نے کلائمیٹ فنانس میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک نے 2025ء میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے سرکاری ذرائع سے 32.3 ارب یورو فراہم کیے اور نجی شعبے سے 9.3 ارب یورو متحرک کیے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
کانفرنس میں شریک سول سوسائٹی گروپوں نے گزشتہ سال طے پانے والے ’جسٹ ٹرانزیشن میکانزم‘ (Just Transition Mechanism) پر پیش رفت نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اب تک کی “بدترین کاپ کانفرنس” (Worst Cop ever) قرار دیا۔ واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس آخری مرتبہ 2003ء میں اٹلی میں مقررہ وقت پر ختم ہوئی تھی، جبکہ اکثر مذاکرات جمعہ کے بجائے اتوار تک طویل ہو جاتے ہیں۔





