وارسا / نیویارک (ویب ڈیسک): پولینڈ کے شہرہ آفاق گلوکاری مقابلے ’دی وائس پولینڈ‘ (The Voice of Poland) کے سابق امیدوار 33 سالہ گلوکار جیرزی گمورزینسکی (Jerzy Gmurzyński) کی لاش دارالحکومت وارسا (Warsaw) کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی ہے۔
اہلِ خانہ اور قریبی ذرائع کے مطابق 33 سالہ گلوکار کو آخری بار 7 نومبر کی شب وارسا میں دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا اور ان کے اہلِ خانہ و دوستوں نے ان کی تلاش شروع کر دی تھی۔
لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کام کرنے والی فلاحی تنظیم نے گلوکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں جیرزی گمورزینسکی کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس کے ساتھ دینی پڑ رہی ہے۔ تنظیم نے اہلِ خانہ کے گہرے غم اور نجی زندگی کے احترام کے پیشِ نظر مزید تفصیلات ظاہر کرنے سے گریز کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق جمعرات کے روز وارسا شہر کے وسط میں واقع الیجا سولیدارنوشچی (Aleja Solidarności) کی ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں پولیس کارروائی کے دوران ایک شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت بعد ازاں لاپتا گلوکار جیرزی گمورزینسکی کے طور پر ہوئی۔
جیرزی گمورزینسکی نے 2019ء میں مقبول میوزک شو ’دی وائس پولینڈ‘ کے دسویں سیزن میں شرکت کر کے ملک بھر میں نمایاں شہرت حاصل کی تھی، اور ان کی ناگہانی موت پر مداحوں اور موسیقی کے حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے وہ تقریباً دو ہفتوں سے پراسرار طور پر لاپتا تھے، جن کی تلاش کے لیے اہلِ خانہ اور دوستوں کی جانب سے مسلسل کوششیں کی جا رہی تھیں۔





