واشنگٹن(ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ جنگی صورتحال میں نیٹو امریکا کی مدد کرنے میں ناکام رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، میری لینڈ میں جوائنٹ بیس اینڈریوز پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے واضح کیا کہ نیٹو کے کردار کا سنجیدگی سے ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ “نیٹو ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوا، جس پر مجھے شدید مایوسی ہے۔ امریکا نیٹو پر کھربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، لیکن اس کے باوجود ہمیں مطلوبہ حمایت نہیں ملی۔”
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اب اگر نیٹو تعاون کے لیے آگے بھی آتا ہے تو اس کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے نیٹو کے بنیادی مقصد پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکا اس اتحاد پر بھاری اخراجات صرف اس لیے کرتا ہے کہ عالمی سطح پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے، مگر حالیہ صورتحال میں اس کا کردار غیر مؤثر نظر آیا ہے۔
