لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

الاسکا ایئرلائنز کی پروازمیں سوارہونےوالےدو مسافروں کونقاب پوش امیگریشن(ICE)اہلکاروں نےجیٹ وےپرحراست میں لےلیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

سیئٹل / نیویارک (ویب ڈیسک):امریکی ریاست واشنگٹن کے سیئٹل ٹاکوما انٹرنیشنل ایئرپورٹ (Seattle-Tacoma International Airport – SEA) پر ہفتے کی صبح اس وقت شدید خوف و ہراس پھیل گیا جب نقاب پوش امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکاروں نے لاس اینجلس جانے والی الاسکا ایئرلائنز (Alaska Airlines) کی پرواز میں سوار ہونے کی تیاری کرنے والے دو مسافروں کو طیارے کے پل (Jetway) پر ہی حراست میں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک سے دو منٹ طویل ویڈیوز میں ایک خاتون اور ایک مرد کو ایئرپورٹ کے بورڈنگ برج پر دو آئی سی ای اہلکاروں کے قدموں کے قریب بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ویڈیوز میں شدید چیخ و پکار سنی جا سکتی ہے، جہاں متاثرہ خاتون کیمرہ پکڑے شخص کو مخاطب کرتے ہوئے واضح طور پر کہتی ہیں کہ ”ہمارے پاس ورک پرمٹ ہے“ (We have a work permit)، جس کے فوراً بعد وہ زار و قطار روتے ہوئے بار بار ”نہیں“ (No) چلانے لگتی ہیں۔ فی الحال ویڈیو میں نظر آنے والے مرد اور خاتون کے درمیان باہمی رشتے کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی ہے۔

پورٹ آف سیئٹل نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ دونوں مسافر ہفتے کے روز لاس اینجلس جانے والی الاسکا ایئرلائنز کی پرواز میں سوار ہونے والے تھے کہ امیگریشن اہلکاروں نے پورٹ انتظامیہ کی شرکت یا پیشگی اطلاع کے بغیر یہ کارروائی کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مقامی وفاقی امیگریشن حکام نے ایئرپورٹ پر مخصوص پروٹوکولز (Protocols) پر عملدرآمد پر اتفاق کیا تھا، اور اب پورٹ حکام محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) سے رابطے میں ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان طے شدہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ آس پاس موجود دیگر مسافروں کے لیے بھی انتہائی تکلیف دہ تھا۔

واشنگٹن کے گورنر باب فرگوسن نے اس کارروائی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”آئی سی ای مکمل طور پر بے قابو ہو چکا ہے۔ متعدد امریکیوں کی طرح مجھے بھی اس بات پر شدید غصہ ہے کہ نقاب پوش اہلکار، جو اپنی شناخت بھی ظاہر نہیں کرتے، پرواز میں سوار ہوتے ہوئے لوگوں کو جیٹ وے سے گھسیٹ رہے ہیں اور ہماری کمیونٹیز میں افراتفری پھیلا رہے ہیں۔

سیئٹل ایئرپورٹ پر آج کے اقدامات آئی سی ای کے غیر امریکی ہتھکنڈوں کی تازہ ترین مثال ہیں۔“ گورنر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر 38 سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں تین نقاب پوش اہلکار ہتھکڑی لگی خاتون کو ساتھ لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

الاسکا ایئرلائنز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس نوعیت کے حالات پریشان کن ہو سکتے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس کارروائی کا ہمیں پہلے سے کوئی علم نہیں تھا۔ ایئرلائن کے مطابق وہ تمام تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں، جبکہ مسافروں اور عملے کی سلامتی و فلاح ان کی اولین ترجیح ہے۔

سیئٹل ایئرپورٹ (SEA) کی ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ تسلیم کرتی ہے کہ ایئرپورٹ استعمال کرنے والے بعض مسافروں کی امیگریشن درخواستیں زیرِ التواء ہوتی ہیں، تاہم ایئرپورٹ کے پاس امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) یا آئی سی ای (ICE) کی کارروائیوں پر کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے۔

ایئرپورٹ نے غیر یقینی امیگریشن حیثیت رکھنے والے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنے حالات کا جائزہ لیں، اپنے سفر کی تفصیلات اور امیگریشن وکیل کا نمبر کسی قریبی رشتہ دار یا دوست کو دیں، اور ہنگامی رابطہ نمبرز زبانی یاد رکھیں۔

ہفتے کا یہ واقعہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران واشنگٹن میں آئی سی ای کی جانب سے متعدد افراد کی گرفتاری کا دوسرا معلوم واقعہ ہے۔ اس سے قبل اکتوبر کے اواخر میں لیبر ڈے ویک اینڈ پر ماؤنٹ بیکر اسنوکوالمی نیشنل فاریسٹ میں خاندانوں کے ہمراہ کیمپنگ کرنے والے پانچ میکسیکن شہریوں کو گرفتار کر کے ٹاکوما کے نارتھ ویسٹ آئی سی ای پروسیسنگ سینٹر میں تقریباً چھ ہفتے قید رکھا گیا، جنہیں 15 اکتوبر کو اینکل مانیٹرز (Ankle monitors) پہنا کر رہا کیا گیا۔

اسی طرح اکتوبر کے آغاز میں لِن ووڈ (Lynnwood) کی ایک ٹائر شاپ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ایک 26 سالہ ملازم کو باہر نکلتے ہی نقاب پوش وفاقی اہلکاروں کی جانب سے حراست میں لیتے دیکھا گیا تھا۔