لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کی ریلیزتاریخ سامنے آگئی

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

کراچی / دبئی (ویب ڈیسک): پاکستانی تفریحی صنعت کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی ’نیٹ فلکس‘ (Netflix) اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ (Jo Bachay Hain Sang Samait Lo) کا باضابطہ پوسٹر اور ریلیز کی تاریخ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق یہ میگا سیریز 4 دسمبر کو عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔

اتوار کے روز نیٹ فلکس مڈل ایسٹ اور نارتھ افریقہ (Netflix MENA) کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ایک خصوصی پوسٹ میں سیریز کی ریلیز ڈیٹ کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

پوسٹ میں سیریز کا تعارف کراتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کہانی میں تین نسلوں کی چھ محبت کی کہانیاں بیان کی گئی ہیں، جن کا مرکزی سوال یہ ہے کہ ”کیا ہمارے دلوں میں موجود محبت ہی کافی ہے؟“ ذرائع کے مطابق اس تاریخی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کا باضابطہ ٹریلر آئندہ ہفتے میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پاکستان کی معروف ناول نگار فرحت اشتیاق کے اسی نام کے بے حد مقبول اور شہرہ آفاق ناول پر مبنی رومانوی ڈراما سیریز ہے۔ اس کی تخلیق اور ہدایت کاری پاکستان کی ممتاز پروڈیوسر مومنہ درید (Momina Duraid) نے کی ہے.

جو اس سے قبل ’ہمسفر‘، ’زندگی گلزار ہے‘، ’داستان‘ اور ’سنو چندا‘ جیسے سپر ہٹ ڈرامے پروڈیوس کر چکی ہیں۔ یہ سیریز ہم نیٹ ورک (HUM Network) کی جانب سے پاکستانی انٹرٹینمنٹ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی کاوشوں کا حصہ ہے، جسے مومنہ درید فلمز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔

اس سیریز کی سب سے نمایاں اور منفرد بات اس کی غیر معمولی اسٹار کاسٹ ہے، جس میں پاکستان کے صفِ اول کے اداکار ایک ساتھ نظر آئیں گے، جن میں سے بیشتر پہلی مرتبہ نیٹ فلکس کی کسی اوریجنل سیریز میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، مایا علی، اقرا عزیز، بلال اشرف اور خوشحال خان شامل ہیں، جبکہ نادیہ خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد سمیت دیگر سینئر اور معروف فنکار بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلموں اور ڈراموں کی درجہ بندی و معلومات فراہم کرنے والی عالمی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی (IMDb) کے مطابق سیریز کی مرکزی کہانی سکندر اور لیزا کے گرد گھومتی ہے۔ سکندر ہارورڈ یونیورسٹی (Harvard University) میں قانون کا طالب علم ہے، جس کی زندگی ایک انتہائی تکلیف دہ واقعے کے بعد یکسر بدل جاتی ہے، جبکہ لیزا ایک باصلاحیت فنکارہ ہے۔

دونوں کی ملاقات اٹلی میں ہوتی ہے، جس کے بعد محبت، جذباتی تکالیف اور زندگی میں آگے بڑھنے کی جدوجہد پر مبنی ایک پُرکشش داستان آگے بڑھتی ہے۔ سیریز کو عالمی معیار اور بین الاقوامی پس منظر دینے کے لیے اس کی عکس بندی پاکستان کے علاوہ اٹلی اور برطانیہ کی خوبصورت لوکیشنز پر بھی کی گئی ہے۔