کیلیفورنیا / نیویارک (ویب ڈیسک):ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (Meta) انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام (Messaging system) کو مرکزی انسٹاگرام ایپ سے الگ کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
اس مقصد کے لیے ’ڈائریکٹ‘ (Direct) کے نام سے ایک علیحدہ اور مستقل میسجنگ ایپ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین انسٹاگرام کی پوسٹس، ریلز (Reels) اور دیگر مواد دیکھے بغیر براہِ راست ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
اس نئی ایپ کا بنیادی مقصد انسٹاگرام کے چیٹ فیچرز کو ایک الگ پلیٹ فارم پر منتقل کرنا ہے تاکہ صارفین کو صرف پیغام رسانی کے لیے ایک مخصوص ایپ دستیاب ہو۔ اس مجوزہ ایپ کی نمایاں خوبی یہ ہوگی کہ اس کے ذریعے لوگ انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی دوسروں کو پیغامات بھیج سکیں گے۔
یاد رہے کہ انسٹاگرام نے 2013ء میں ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین فوٹو شیئرنگ ایپ کے اندر ہی ایک دوسرے سے نجی گفتگو اور تصاویر کا تبادلہ کر سکتے تھے۔ اب میٹا اس نظام کو فیس بک میسنجر (Facebook Messenger) کی طرز پر مرکزی انسٹاگرام ایپ سے الگ کر کے ایک مستقل ایپ کی شکل دینا چاہتی ہے۔
مجوزہ ڈائریکٹ ایپ میں انفرادی (One-on-one) اور گروپ چیٹ دونوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ انسٹاگرام کے بعض مقبول فیچرز بھی اس کا حصہ ہوں گے، جن میں ڈرائنگ کے لیے ’ڈرا‘ (Draw)، نوٹس (Notes)، ذاتی نوعیت کے اسٹیکرز، وائس ایفیکٹس (Voice effects) اور چیٹ تھیمز (Chat themes) شامل ہیں۔
فی الحال یہ ایپ صرف ترکیہ اور تھائی لینڈ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ میٹا کے مطابق اس سروس کو استعمال کرنے کے لیے عمر کی کم از کم حد 13 سال مقرر کی گئی ہے۔





