لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

عالمی سروے میں پاکستانی نوجوانوں کی بڑی کامیابی، ماحولیاتی پُرامیدی میں ساتویں پوزیشن

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

لندن / کراچی (ویب ڈیسک): ماحولیات کے مستقبل کے حوالے سے پاکستانی طلباء دنیا کے سب سے زیادہ پُرامید طلباء میں شامل قرار پائے ہیں، جنہوں نے نوجوانوں کے نقطۂ نظر کا جائزہ لینے والے ایک نئے عالمی سروے میں ماحولیاتی پُرامیدی (Environmental optimism) کے شعبے میں دنیا بھر میں ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

آکسفورڈ سمر اسکول فراہم کرنے والے ادارے آکسفورڈ اسکولیسٹیکا اکیڈمی (Oxford Scholastica Academy) کی جانب سے کی جانے والی اس تحقیق میں طلباء کے ذاتی مستقبل، معیشت، ماحولیات، سیاست اور مجموعی معاشرے کے حوالے سے پُرامیدی کا جائزہ لیا گیا۔

اگرچہ یہ سروے 100 ممالک کا احاطہ کرتا تھا، تاہم 41 ممالک کے طلباء کے جوابات درجہ بندی کے لیے کافی رہے، اور سروے کو مجموعی طور پر 1,433 جوابات موصول ہوئے۔

سروے میں شامل 41 ممالک میں پاکستان 3.94 کے مجموعی اسکور کے ساتھ 14ویں نمبر پر رہا، جو اسے ٹاپ تھرڈ (Top third) میں شامل کرتا ہے، اور اس نے بھارت (3.93) اور بنگلہ دیش (3.92) کو معمولی فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستانی طلباء نے ماحولیاتی پُرامیدی میں 3.73 اسکور حاصل کیا جو ساتواں بلند ترین اسکور ہے، اور اس معاملے میں کینیڈا (3.67)، امریکا (3.58) اور برطانیہ (3.06) سے آگے رہا۔ پاکستانی طلباء نے ذاتی مستقبل (4.55) اور معاشرے کے مستقبل (4.05) کے حوالے سے بھی اعتماد کا اظہار کیا اور معاشرے کے مستقبل میں 13ویں نمبر پر رہے جو امریکا (24ویں) سے کہیں بہتر ہے۔ سیاسی پُرامیدی کا شعبہ 3.27 کے ساتھ سب سے کمزور رہا، تاہم پھر بھی پاکستان جرمنی (3.21)، برطانیہ (3.04) اور فرانس (2.38) سے آگے رہا۔

سری لنکا مجموعی درجہ بندی میں سرفہرست رہا، جہاں طلباء نے ماحولیاتی پُرامیدی میں سب سے زیادہ (4.62) اور ذاتی مستقبل میں مضبوط اعتماد (4.75) کا اسکور حاصل کیا، جبکہ حالیہ معاشی اتھل چڑھاؤ کے باوجود معاشرے کے مستقبل پر 4.25 اسکور کیا۔ کینیا 4.31 کے مجموعی اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا اور معاشرے کے مستقبل (4.43، قبرص کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ) اور سیاسی پُرامیدی (3.96) میں سرفہرست رہا۔

نیپال تیسرے نمبر پر رہا اور ذاتی پُرامیدی میں 5.00 کا مکمل اسکور حاصل کرنے والا واحد ملک رہا، جبکہ معاشی پُرامیدی میں بھی سب سے آگے (4.80) رہا۔ قازقستان چوتھے نمبر پر رہا جس نے معاشی اعتماد میں 4.56 اور سیاسی پُرامیدی میں تیسرا سب سے زیادہ اسکور (3.76) حاصل کیا، جبکہ نائجیریا (4.08) اور انڈونیشیا (4.07) بھی نمایاں رہے۔

مغربی ممالک میں کینیڈا 4.08 اسکور کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا، جس کے بعد امریکا (3.99)، جرمنی (3.73)، برطانیہ (3.61) اور فرانس (3.22) رہے؛ برطانیہ 41 ممالک میں 33ویں نمبر پر رہا۔ دوسری جانب کویت 2.92 اسکور کے ساتھ سب سے آخر میں رہا اور سیاسی پُرامیدی (1.80) و معاشرے کے مستقبل (2.40) میں سب سے کم اسکور کیا۔ روانڈا (3.20) دوسرے اور ترکیہ (3.22) تیسرے سب سے کم اسکور والے ملک رہے، جبکہ فرانس نے ماحولیاتی پُرامیدی میں سب سے کم اسکور (2.25) اور پولینڈ نے سیاسی پُرامیدی میں دوسرا سب سے کم اسکور (2.30) ریکارڈ کیا۔

آکسفورڈ اسکولیسٹیکا اکیڈمی کی شریک ڈائریکٹر لاوینیا ایبل (Lavinia Abell) کے مطابق سری لنکا اور کینیا جیسے ممالک کے طلباء کا برطانیہ اور فرانس جیسے خوشحال ممالک کے مقابلے میں زیادہ پُرامید ہونا ظاہر کرتا ہے کہ نوجوانوں کی پُرامیدی محض مادی آسائش کا نتیجہ نہیں ہے۔