انقرہ / نیویارک (ویب ڈیسک): ترکیہ میں جاری اقوام متحدہ کے ماحولیاتی مذاکرات (COP31) کے دوران عالمی سائنس دانوں اور موسمیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ کم از کم گزشتہ 1,000 برسوں کا طاقتور ترین ’ایل نینو‘ (El Niño) ماحولیاتی بحران کی شدت کو کئی گنا بڑھا رہا ہے۔
مشرقی بحرالکاہل (Eastern Pacific) کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث پیدا ہونے والے اس حیران کن قدرتی مظہر نے دنیا بھر کے موسمی نظام کو تہہ و بالا کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں انڈونیشیا میں بدترین جنگلاتی آگ اور فصلوں کی تباہی، امریکہ میں ساحلی سیلاب، سوڈان میں شدید خشک سالی اور ایکواڈور و صومالیہ میں تباہ کن سیلابوں نے تباہی مچا دی ہے۔
عالمی موسمیاتی تنظیم (WMO) کی سیکرٹری جنرل سیلسٹے ساؤلو (Celeste Saulo) نے خبردار کیا کہ “ہم اپنے موسم کو مزید شدت بخش رہے ہیں اور ایل نینو اس خطرے کو کئی گنا بڑھانے والا ثابت ہوگا”۔ ماہرین کے مطابق دسمبر میں اپنے عروج پر پہنچنے والا یہ ایل نینو آئندہ پورے سال تک عالمی سطح پر تباہ کن اثرات مرتب کرے گا، جس کے باعث اگلا سال انسانی تاریخ کا گرم ترین سال بننا تقریباً یقینی ہے۔
گزشتہ سال امیر ممالک نے سیلاب، ہیٹ ویوز اور جنگلاتی آگ سے متاثرہ غریب ممالک کے لیے موافقتی مالیات (Adaptation Finance) کو تین گنا کرنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم 2035ء تک درکار 305 ارب ڈالر سالانہ کا محض ایک معمولی حصہ ہی فراہم کیا جا رہا ہے۔
خشک سالی کے باعث ہنگامی حالت (State of Emergency) نافذ کرنے والے بحرالکاہل کے چھوٹے ملک جزائر مارشل (Marshall Islands) کی ماحولیاتی ایلچی کیتھی جیٹنل کیجینر نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “جن ممالک کا موسمیاتی تبدیلی میں سب سے کم قصور ہے، انہی پر ناقابلِ برداشت بل ڈالے جا رہے ہیں؛ امیر ممالک کہتے ہیں کہ پیسہ نہیں ہے، لیکن ان کا پیسہ مصنوعی ذہانت (AI) اور فوجی اخراجات پر جا رہا ہے، صرف موسمیاتی تبدیلی پر نہیں”۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کے اسسٹنٹ ہائی کمشنر انتون لیس گارسیا نے تشویش ظاہر کی ہے کہ اس تاریخ ساز ایل نینو اور شدید خشک سالی کے باعث محض چار مشرقی افریقی ممالک کینیا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یوگنڈا—میں 30 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کینیا میں مکئی کی فصل کی پیداوار پہلے ہی 40 فیصد گر چکی ہے جس سے وہاں پناہ لینے والے مہاجرین کے لیے خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
کلائمیٹ اینالیٹکس کے سربراہ بل ہیئر نے کہا کہ یہ صورتحال تیز رفتار گلوبل وارمنگ جیسی محسوس ہوگی جس سے سمندروں میں مونگے کی چٹانیں (Corals) تباہ اور خشکی پر خوراک و پانی کے بڑے انسانی بحران جنم لیں گے۔ کینیا کے تھنک ٹینک ’پاور شفٹ افریقہ‘ کے بانی محمد ادو نے COP31 کے شرکاء پر زور دیا کہ “آپ محض کسی سفارتی وعدے سے فصلوں کو نہیں بچا سکتے، متاثرہ لوگوں کو زمین پر فوری وسائل درکار ہیں”۔





