ریاض: سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع (Civil Defense) نے مکہ مکرمہ، جدہ، ینبع، طائف اور تبوک کے لیے جاری کردہ ہنگامی خطرے کا الرٹ باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا ہے اور شہریوں کو اطمینان کی ہدایت کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، سعودی شہری دفاع نے جمعرات کے روز ‘نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم’ (National Early Warning Platform) کے ذریعے ان اہم شہروں کے رہائشیوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ممکنہ خطرے سے متعلق انتباہی الرٹ جاری کیا تھا۔ حکام نے شہریوں کو سرکاری ہدایات پر سخت عمل کرنے، ہجوم والے مقامات سے دور رہنے اور واقعات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے مکمل طور پر گریز کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سعودی سول ڈیفنس نے کچھ ہی دیر بعد خطرہ ٹل جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام شہروں میں اب کوئی خطرہ نہیں ہے اور حالات معمول پر آ چکے ہیں۔
دوسری جانب، یمن میں متحرک عرب اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے تصدیق کی ہے کہ سعودی ایئر ڈیفنس نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو کامیابی کے ساتھ فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔





