لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیوجرسی کےعلاقےراکسبری ٹاؤن شپ (Roxbury Township) میں مجوزہ’آئیس‘(ICE)حراستی مرکز کےخلاف شدیداحتجاج

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیوجرسی / نیویارک (ویب ڈیسک): امریکی ریاست نیوجرسی کے علاقے راکسبری ٹاؤن شپ (Roxbury Township) میں مجوزہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) حراستی مرکز کے قیام کے خلاف مقامی رہائشیوں اور سماجی کارکنوں کے شدید احتجاج کے باعث منگل کی شب ٹاؤن کونسل کا اجلاس ہنگامی طور پر قبل از وقت ختم کر دیا گیا۔

اجلاس میں بڑی تعداد میں شہری اور مختلف کارکن تنظیموں کے نمائندے شریک تھے جو وفاقی حکومت کی جانب سے ایک مقامی گودام کو حراستی مرکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر سخت برہمی کا اظہار کر رہے تھے۔

‘کلائمیٹ ریوولوشن ایکشن نیٹ ورک’ کے رکن بین ڈیزیوبیک (Ben Dziobek) نے احتجاج کے دوران خبردار کیا کہ “اگر انتظامیہ نے اس معاملے پر فوری عملی اقدام نہ اٹھایا تو علاقے میں امن برقرار نہیں رہ سکے گا”۔ دوسری جانب اجلاس میں شریک مقامی رہائشی کیو ولیمز (Que Williams) نے کونسل اراکین کے اجلاس سے اٹھ کر جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے سوالات کا جواب دیے بغیر اجلاس ادھورا چھوڑ دینا بزدلانہ عمل ہے۔

راکسبری کے میئر شان پوٹیلو (Shawn Potillo) نے ایک بیان میں واضح کیا کہ امن و امان بحال کرنے اور شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے راکسبری پولیس نے اجلاس منسوخ کیا۔ میئر نے یقین دہانی کرائی کہ ٹاؤن شپ کا کوئی بھی عہدیدار اس حراستی مرکز کے قیام کی حمایت نہیں کرتا، اور رہائشیوں، ان کی املاک اور وسائل کا تحفظ ہی اس قانونی جنگ کا بنیادی مقصد ہے۔

راکسبری ٹاؤن شپ اور ریاست نیوجرسی نے مشترکہ طور پر محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) کو اس گودام کو حراستی مرکز میں تبدیل کرنے سے روکنے کے لیے وفاقی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ گزشتہ ہفتے یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ ڈی ایچ ایس نے اس عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے 31.8 ملین ڈالر کا معاہدہ کیا ہے، حالانکہ مئی میں ایک وفاقی جج نے ماحولیاتی جائزہ (Environmental Assessment) مکمل ہونے تک مرمت و سیکیورٹی کے علاوہ ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ مقامی اور ریاستی حکام نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اس معاہدے کی نقل طلب کر لی ہے۔

مقامی رہائشیوں اور کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چونکہ یہ مجوزہ حراستی مرکز پولیس اسٹیشن کے بالکل قریب واقع ہے، اس لیے راکسبری پولیس کو اس کی کڑی نگرانی کرنی چاہیے اور ٹاؤن شپ انتظامیہ کو گودام کے داخلی راستے اور پارکنگ لاٹ کو مکمل طور پر بلاک کر دینا چاہیے۔