لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

پوپ لیوچہاردہم(Pope Leo XIV) کاآبائی وطن پیروکاتاریخی دورہ:خواتین کےخلاف تشدداور ’مچیز مو‘(مردانہ بالادستی)کی شدیدمذمت،

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

لیما / ویٹیکن سٹی (ویب ڈیسک):کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم (Pope Leo XIV) نے جمعرات کے روز اپنے آبائی ملک پیرو (Peru) کے دارالحکومت لیما میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں پھیلی مردانہ بالادستی (Machismo) اور خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

گزشتہ ماہ پھیپھڑوں کے کینسر کی کامیاب سرجری کے باوجود 71 سالہ پوپ انتہائی چاق و چوبند دکھائی دیے اور انہوں نے زور دیا کہ خواتین کا تحفظ، احترام اور انہیں مساوی وقار دینا مذہبی اور انسانی فریضہ ہے۔

2025ء میں پوپ منتخب ہونے کے بعد پیرو (جہاں انہوں نے بطور مشنری پادری اور بشپ دو دہائیاں گزاریں) واپسی پر پوپ لیو کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ لیما کے تاریخی ‘پلازہ میئر’ میں 40 ہزار جبکہ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر مجموعی طور پر 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے ان کے ساتھ قومی یکجہتی کے گیت اور مذہبی ترانے گائے۔

پلازہ میئر میں خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ یہ دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے کہ ہماری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور دادیوں کے خلاف تشدد ایک تلخ حقیقت بن چکا ہے جو پوری انسانیت کو زخمی کر رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر غریب، مقامی (Indigenous) اور افریقی نژاد پیروین خواتین کو درپیش دوہرے استحصال کی نشاندہی کی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیرو میں 2016ء سے 2024ء کے درمیان 1,261 خواتین کو صنفی بنیادوں پر قتل (Femicide) کیا گیا، جس میں 44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پوپ نے پیرو کے کیتھولک بشپس کو ہدایت کی کہ وہ سولہویں صدی کے سینٹ توریبیوس ڈی موگروویجو کی پیروی کرتے ہوئے دور دراز اور پسماندہ برادریوں تک پہنچیں اور پادریوں کے ہاتھوں جنسی استحصال کے متاثرین کو سچائی اور انصاف فراہم کریں۔

بعد ازاں پوپ نے بدنامِ زمانہ تحریک ‘سوڈالیٹیئم کرسٹیانی وائٹی’ (Sodalitium Christianae Vitae)—جسے آنجہانی پوپ فرانسس نے گزشتہ سال تحلیل کر دیا تھا—سمیت جنسی استحصال کا شکار ہونے والے 6 افراد سے ایک گھنٹے تک ملاقات کی اور ان کی روداد سنی۔

دوسری جانب سوڈالیٹیئم اسکینڈل کو بے نقاب کرنے والے پہلے شخص ہوزے ایسکارڈو (José Escardó) نے پوپ کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے مرتکب پادریوں کو سزا دینے کے معاملے میں چرچ کے بیانات محض کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ محض گناہ یا غلطی نہیں بلکہ سنگین جرائم ہیں جن پر سخت سزا ملنی چاہیے۔ اعداد و شمار کے مطابق پیرو میں اب تک 77 پادریوں اور چرچ اہلکاروں پر کمسنوں کے جنسی استحصال کے عوامی الزامات سامنے آ چکے ہیں۔