لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

سفیرعثمان جدون کاسلامتی کونسل میں خطاب، پاکستان نے UNISFA مشن کی تجدید کی حمایت کردی

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

13 نومبر

نیویارک / اقوام متحدہ (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون (Ambassador Usman Jadoon) نے سوڈان اور جنوبی سوڈان کے متنازع سرحدی علاقے ابیے (Abyei) میں تعینات اقوام متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس (UNISFA) کے مینڈیٹ کی تجدید سے متعلق قرارداد کے حق میں پاکستان کا ووٹ ریکارڈ کراتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان شہریوں کے تحفظ، کشیدگی کی روک تھام اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشن کے ناگزیر کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

13 نومبر 2026ء کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے بعد ووٹ کی وضاحت (Explanation of Vote) پیش کرتے ہوئے سفیر عثمان جدون نے کہا کہ اگرچہ پاکستان نے مشن کی توسیع کے حق میں ووٹ دیا ہے، تاہم پاکستان مشن کی مستقبل کی تجدید کو سیاسی عمل میں پیشرفت سے مشروط کرنے کے حوالے سے اپنے مسلسل تحفظات کو ریکارڈ پر لانا چاہتا ہے، کیونکہ سیاسی عمل میں پیشرفت کا انحصار بنیادی طور پر سوڈان اور جنوبی سوڈان کے فیصلوں پر ہے جو یونیفسا کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔

سفیر عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان قرارداد کے بنیادی سیاسی مقاصد کی حمایت کرتا ہے،

تاہم ان مقاصد کو مسلسل سیاسی روابط اور سفارت کاری کے ذریعے حاصل کیا جانا چاہیے نہ کہ انہیں ایسی شرائط بنایا جائے جو ابیے میں مشن کی مسلسل موجودگی کو خطرے میں ڈال دیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اس قرارداد کی دفعات کو خطے میں مشن کے بنیادی استحکامی کردار کو نظرانداز کرتے ہوئے یونیفسا کے قبل از وقت انخلا یا کمی (Premature Drawdown) کا جواز بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

پاکستانی نائب مستقل مندوب نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ امن مشن کے مستقبل سے متعلق تمام فیصلے زمینی سیکیورٹی صورتحال، شہریوں کے تحفظ کی ضروریات اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے میں اس کے مسلسل کردار کی بنیاد پر کیے جانے چاہئیں۔

مزید برآں، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشن کو اپنے مینڈیٹ پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مناسب مالی، لاجسٹک اور آپریشنل وسائل فراہم کیے جائیں، جن میں تمام تین مجاز فارمڈ پولیس یونٹس (Formed Police Units) کی مکمل تعیناتی بھی شامل ہے۔