نیویارک (ویب ڈیسک): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نیویارک میں منسٹر آصف خان کی مدتِ ملازمت کی مکمل ہونے اور اسلام آباد واپسی کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد (Asim Iftikhar Ahmad) نے منسٹر آصف خان کی نیویارک میں قیام کے دوران گراں قدر خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی اور انہیں ایک مخلص، قابل اور باصلاحیت سفارت کار قرار دیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد اور دیگر سفارت کاروں نے منسٹر آصف خان کی کاوشوں کو سراہا۔

سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ منسٹر آصف خان پاکستان مشن کی ٹیم کا ایک انتہائی اہم رکن رہے ہیں، جنہوں نے اقوامِ متحدہ کے مختلف اداروں کے ساتھ روابط اور ڈپلومیسی کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، قابلیت اور لگن سے نبھائیں۔

منسٹر آصف خان نے اپنے خطاب میں سفیر عاصم افتخار احمد، مشن کے تمام افسران اور عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میری پیشہ ورانہ زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔” انہوں نے سفیر عاصم افتخار کی رہنمائی کو اپنے لیے انتہائی قیمتی سرمایۂ افتخار قرار دیا۔
تقریب میں ڈپٹی پرمننٹ ریپریزینٹیٹو سفیر عثمان جدون، نیویارک میں پاکستان کے قنسول جنرل عامر احمد اتوزئی اور مشن کے تمام افسران و عملے نے شرکت کی اور منسٹر آصف خان کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی نیک تمناؤ کا اظہار کیا۔





