نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی (Mayor Zohran Mamdani) نے جمعرات کے روز سٹی ہال میں ایک تاریخی بل ’رومانچز لاء‘ (Romanch’s Law) پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت یکم جون 2028ء سے پورے نیویارک سٹی میں گھوڑا گاڑیوں (Horse-drawn carriages) کی سواریوں پر مکمل پابندی عائد ہو جائے گی۔
میئر کے دستخط کے فوری بعد گھوڑا گاڑیوں کے مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ٹرانسپورٹ ورکرز یونین (TWU Local 100) نے اس قانون کو وفاقی عدالت (Federal Court) میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے سینٹرل پارک کی 160 سال سے زائد پرانی روایت کے گرد جاری تنازعہ اب قانونی جنگ میں داخل ہو گیا ہے۔
قانون پر دستخط کرتے ہوئے میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ “ہمارا شہر بدل چکا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے قوانین بھی بدلیں”۔
واضح رہے کہ یہ قانون 18 سالہ بھارتی سیاح رومانچ مہاجن (Romanch Mahajan) کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جو رواں سال جون میں سینٹرل پارک میں گھوڑے کے بدکنے اور گاڑی سے گرنے کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد اکتوبر میں سٹی کونسل نے 40 کے مقابلے میں 7 ووٹوں سے یہ بل منظور کیا تھا۔
نئے قانون کے تحت لائسنس یافتہ گھوڑا گاڑی مالکان کے لیے لازم ہوگا کہ وہ یکم مارچ 2027ء تک نئے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی تصدیق جمع کرائیں۔
میئر آفس کے مطابق گھوڑا گاڑیوں کے گھوڑوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جانوروں کی پناہ گاہیں (Sanctuaries) اور ریسکیو تنظیمیں انہیں اپنانے کے لیے تیار ہیں۔
اس کے ساتھ ہی شہری انتظامیہ نے اس پابندی سے متاثر ہونے والے تقریباً 200 مزدوروں کی مدد کے لیے ایک جامع فریم ورک تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت گھوڑا گاڑیوں کے لائسنس یا میڈیلین (Medallion) مالکان کو بائی بیک (Buybacks) کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا سکے گی، جبکہ ڈرائیورز اور اصطبل کے عملے کو این وائی سی ٹیلنٹ (NYC Talent)، ڈپارٹمنٹ آف اسمال بزنس سروسز اور لاگارڈیا کمیونٹی کالج (LaGuardia Community College) کے اشتراک سے پیشہ ورانہ تربیت، کیریئر رہنمائی، تعلیمی مواقع اور نئے روزگار کی تلاش میں مدد فراہم کی جائے گی۔ مکمل ٹرانزیشن پلان اپریل 2027ء تک متوقع ہے





