لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیویارک میں فلو(Flu)کےکیسزمیں تیزی سے اضافہ:گزشتہ ایک ہفتےمیں6,000سےزائد کیسزرپورٹ

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک):نیویارک سٹی کے محکمہ صحت و ذہنی حفظانِ صحت (NYC Department of Health and Mental Hygiene) کے مطابق شہر میں فلو (موسمی نزلہ و زکام) کا سیزن باقاعدہ شروع ہو چکا ہے اور تمام پانچوں بورو (Five Boroughs) میں فلو کے کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

امریکی مراکز برائے انسداد و روک تھام امراض (CDC) کے مطابق فلو کا سیزن عموماً خزاں (Fall) اور سردیوں (Winter) کے مہینوں میں پھیلتا ہے، جبکہ این وائی سی ہیلتھ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اکتوبر کے آغاز سے کیسز میں بتدریج اضافہ جاری ہے اور صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر میں 6,000 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

عطیلات کے سیزن (Holiday Season) کی آمد کے پیشِ نظر محکمہ صحت نے نیویارک کے شہریوں کو صحت مند اور محفوظ رہنے کے لیے اہم تجاویز جاری کی ہیں۔

این وائی سی ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر ایلسٹر ایف مارٹن (Dr. Alister F. Martin) نے اپنے بیان میں کہا: “تعطیلات ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھنے، کھانے بانٹنے اور اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیاں منانے کا وقت ہیں، لیکن فلو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر یہ ضروری ہے کہ ہم سب ایک دوسرے کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدامات کریں۔ فلو شاٹ لگوانا، بیماری کی صورت میں گھر پر رہنا اور محفوظ طریقے سے کھانا تیار کرنا ہمارے خاندانوں کو صحت مند رکھنے میں بامعنی فرق لا سکتا ہے۔ جب ہم اکٹھے ہوں تو آئیے اپنے بزرگ رشتہ داروں، چھوٹے بچوں اور ان افراد کا خاص خیال رکھیں جو شدید بیماری کے خطرے سے زیادہ دوچار ہو سکتے ہیں۔”

محکمہ صحت نے شہریوں کو سالانہ فلو (Flu) اور کووڈ-19 (COVID-19) کی ویکسینز لگوانے کی سفارش کی ہے، جبکہ اہل افراد کو آر ایس وی (RSV) کی حفاظتی ویکسین حاصل کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

این وائی سی ہیلتھ کی بنیادی ہدایات:
بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں گھر پر ہی رہیں۔
بار بار صابن اور پانی سے ہاتھ دھو کر صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک کو ڈھانپیں اور بار بار چھوئی جانے والی سطحوں (Surfaces) کو صاف رکھیں۔

سی ڈی سی (CDC) کی اضافی احتیاطی تدابیر:
بیمار افراد سے قریبی رابطے سے گریز کریں۔
خود کو اور دوسروں کو فلو سے بچانے کے لیے اضافی حفاظتی حکمتِ عملی کے طور پر ماسک پہنیں۔
اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو بار بار چھونے سے اجتناب کریں۔

اگر آپ بیمار محسوس کر رہے ہوں یا فلو میں مبتلا ہوں تو دوسروں سے میل جول محدود رکھیں۔