نیویارک: 11 ستمبر 2001 کے نائن الیون دہشت گردانہ حملوں کے تقریباً 25 سال بعد، نیویارک سٹی کے میئر زوہران مامدانی اور چیف میڈیکل ایگزامینر کے دفتر (OCME) نے ایک نئی پیشرفت کا اعلان کیا ہے۔
جینیاتی جدید ترین فارنسک ٹیکنالوجی (FIGG) کی مدد سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی ایک اور نامعلوم خاتون کی شناخت کامیابی سے کر لی گئی ہے۔
متوفیہ کے اہل خانہ کی درخواست پر ان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ یہ فارنسک انویسٹی گیٹو جینیٹک جینیالوجی (FIGG) ٹیکنالوجی سے شناخت ہونے والی پہلی جبکہ مجموعی طور پر شناخت ہونے والی 1,654 ویں قربانی ہیں۔
نائن الیون حملوں میں نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر کل 2,753 افراد لقمہ اجل بنے تھے، جن میں سے 1,099 افراد (تقریباً 40 فیصد) کی شناخت ہونا اب بھی باقی ہے۔
یہ کامیابی OCME اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کی مشترکہ فارنسک اور جینیاتی تحقیقاتی ٹیموں کی کاوشوں سے ممکن ہوئی۔
نائن الیون کی 25 ویں برسی کے موقع پر میئر زوہران مامدانی اور چیف میڈیکل ایگزامینر ڈاکٹر گراہم نے عزم کا اظہار کیا کہ جدید ترین سائنسی طریقوں کو استعمال کرتے ہوئے تمام باقیات کی شناخت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ لواحقین کو تسلی مل سکے۔





