لاس اینجلس (ویب ڈیسک): اکیڈمی ایوارڈز (آسکرز) کی رنگا رنگ تقریب میں اس سال نیٹ فلکس کی دو بڑی فلموں، ‘فرینکنسٹائن’ (Frankenstein) اور ‘کے پاپ ڈیمن ہنٹرز’ (KPop Demon Hunters) نے متعدد ایوارڈز اپنے نام کر کے اسٹریمنگ کمپنی کی دھاک بٹھا دی۔
مشہور ڈائریکٹر گیلرمو ڈیل ٹورو کی شاہکار فلم ‘فرینکنسٹائن’ نے تکنیکی شعبوں میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے تین بڑے اعزازات حاصل کیے:
بہترین پروڈکشن ڈیزائن
بہترین کاسٹیوم ڈیزائن
بہترین میک اپ اور ہیئر اسٹائلنگ
دوسری جانب، نیٹ فلکس کی تاریخ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اینیمیٹڈ فلم ‘کے پاپ ڈیمن ہنٹرز’ نے بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم
بہترین اوریجنل گیت (Best Original Song میں کامیابی حاصل کی
تقریب کی میزبانی کے فرائض مشہور کامیڈین کونن او برائن نے سر انجام دیے۔ انہوں نے نیٹ فلکس کے شریک سی ای او ٹیڈ سارانڈوس کی موجودگی پر طنز کرتے ہوئے کہا، “یہ بہت ہی پرجوش لمحہ ہے، وہ (ٹیڈ) پہلی بار کسی تھیٹر میں آئے ہیں!”
اگرچہ نیٹ فلکس کی فلمیں ‘روما’ اور ‘آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ’ جیسے بڑے ایوارڈز جیت چکی ہیں، لیکن ‘بہترین فلم’ (Best Picture) کا سب سے بڑا اعزاز اب بھی اسٹریمنگ جنات سے دور نظر آتا ہے۔ اس سال بھی بہترین فلم کا ایوارڈ ‘ون بیٹل آفٹر اینادر’ (One Battle After Another) کے حصے میں آیا۔ اب تک ایپل کی فلم ‘کوڈا’ (CODA) واحد اسٹریمنگ فلم ہے جس نے بہترین فلم کا آسکر جیتا ہے۔
