نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران کوامے ممدانی (Mayor Zohran Kwame Mamdani) نے آج تاریخی ایگزیکٹو آرڈر 25 (Executive Order 25) پر دستخط کر دیے ہیں.
جس کے تحت شہر کے تمام سرکاری اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری فنڈز سے چلنے والے کھانے کے پروگراموں میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ نیویارک کے تمام شہریوں بالخصوص مسلمان اور یہودی کمیونٹی کو ان کے مذہبی عقائد کے مطابق حلال اور کوشر (Kosher) غذائیں میسر آ سکیں۔
اس نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت میئرز آفس آف فوڈ پالیسی (MOFP) آئندہ ایک سال یعنی 17 نومبر 2027ء تک “مذہبی غذائی پابندیوں کی پیروی کرنے والے نیویارکرز کے لیے سٹی ایجنسی فوڈ گائیڈنس” تیار کرے گا۔ یہ رہنما اصول تمام سرکاری اداروں کے لیے واضح معیار مقرر کریں گے تاکہ حلال اور کوشر غذائی روایات پر عمل کرنے والے شہریوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں اور دستیاب کھانوں کے بارے میں مکمل وضاحت فراہم کی جا سکے۔
نیویارک سٹی کے سرکاری ادارے ہر سال پبلک اسکولوں کے طلبہ، اسپتالوں کے مریضوں، بزرگ شہریوں اور شیلٹرز (پناہ گاہوں) میں مقیم افراد کو 220 ملین (22 کروڑ) سے زائد کھانے اور اسنیکس فراہم کرتے ہیں۔
غذائی عدم تحفظ کا شکار ہزاروں شہریوں کے لیے یہ پروگرام روزمرہ غذائیت کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ نئی گائیڈنس کے تحت تھرڈ پارٹی حلال اور کوشر سرٹیفیکیشن کے بہترین اصول وضع کیے جائیں گے، کھانوں اور ان کے اجزاء پر واضح اور شفاف لیبلنگ یقینی بنائی جائے گی، اور شہریوں کی رائے جاننے کے لیے سالانہ سروے کیے جائیں گے۔
“نیویارک کی حکومت جو کھانا فراہم کرتی ہے وہ اس شہر کو اپنا گھر کہنے والے لوگوں کی عکاسی کرتا ہونا چاہیے۔ کسی بھی نیویارکر کو محض اس وجہ سے غذائیت سے بھرپور کھانا ٹھکرانے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے کہ وہ ان کے مذہبی اصولوں کے منافی ہے۔
ہم ہر سال 22 کروڑ سے زائد کھانے فراہم کرتے ہیں اور یہ ہماری بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ اسکولوں کے طلبہ اور کمیونٹی سینٹرز کے بزرگ اپنے عقیدے کے مطابق لذیذ اور صحت بخش غذا کھا سکیں۔”
صحت و انسانی خدمات کی ڈپٹی میئر ڈاکٹر ہیلن آرٹیگا (Dr. Helen Arteaga) نے اسے غذائی عدم تحفظ کے خلاف ایک یادگار قدم قرار دیا، جبکہ میئرز آفس آف فوڈ پالیسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھارتھ سانچیز (Siddhartha Sanchez) نے کہا کہ یہ گائیڈنس شہریوں کے مذہبی عقائد کا احترام کرتے ہوئے سرکاری کھانوں پر ان کا اعتماد بحال کرے گی۔
نیویارک سٹی پبلک اسکولز کے چانسلر قمر سیموئلز (Kamar Samuels) نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچہ یہ محسوس کرے کہ اسکول میں اس کی ثقافتی اور مذہبی روایات کا احترام کیا جاتا ہے۔
محکمہ برائے بزرگ شہری (NYC Aging) کی کمشنر ڈاکٹر لیزا اسکاٹ میکنزی نے بتایا کہ ان کا ادارہ سالانہ ایک کروڑ سے زائد کھانے بزرگوں کو فراہم کرتا ہے اور یہ حکم نامہ ان کی روایات کے احترام کو یقینی بنائے گا، جبکہ کریکشن کمشنر اسٹینلے رچرڈز نے جیلوں میں زیرِ حراست افراد کو بھی مستند حلال اور کوشر کھانے فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بروکلین میں قائم معروف سماجی تنظیم کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن (COPO) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد رضوی (Mohammad Razvi) نے میئر ممدانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے پہلے حلال میلز آن وہیلز فراہم کرنے والے ادارے کی حیثیت سے کوپو گزشتہ 16 برسوں سے حلال غذا کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، اور آج میئر ممدانی کی قیادت میں سٹی گورنمنٹ کی اعلیٰ ترین سطح پر اس ضرورت کو تسلیم کیا جانا ہماری کمیونٹی کے لیے ایک تاریخی اور باعثِ وقار لمحہ ہے۔
مجلسِ شوریٰ آف میٹروپولیٹن نیویارک کے صدر امام عبداللہ نے اس تاریخی ایگزیکٹو آرڈر پر مسلم کمیونٹی کی جانب سے گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے حلال معیار اور نگرانی کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اس کے علاوہ افریکانا (Afrikana) کی بانی اداما باہ (Adama Bah)، ایسوسی ایشن آف افریکن امریکن ائمہ کے صدر امام عبدالعزیز (جنہوں نے حلال کو ایک مقدس امانت قرار دیا)، برجنگ کلچرز گروپ کی سی ای او ڈاکٹر ڈیبی المنتصر، UJA فیڈریشن کے ڈینیئل روزینتھل، ربائی موشے وینر، ربائی یروخم سلبر اور ربائی مارگو ہیوز رابنسن نے بھی اس حکم نامے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے ضرورت مند شہری کو اپنے عقیدے اور بھوک مٹانے میں سے کسی ایک کا انتخاب نہیں کرنا پڑے گا۔





