نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی (Zohran Mamdani) اور پولیس کمشنر ٹِش (Commissioner Tisch) نے نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ (NYPD) کے ڈھانچے میں ایک بڑی اصلاحاتی تبدیلی کرتے ہوئے ہجوم پر قابو پانے اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے قائم خصوصی یونٹ ’اسٹریٹجک رسپانس گروپ‘ (Strategic Response Group – SRG) کو باضابطہ طور پر تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
میئر ممدانی نے سٹی کونسل ممبر چی اوسے (Chi Osse)—جنہیں رواں سال کے اوائل میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا—کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آئین کی پہلی ترمیم (First Amendment) کے تحت پرامن احتجاج کا حق استعمال کرنے والے شہریوں کے ساتھ دہشت گردی کے خطرے جیسا سلوک نہ کیا جائے۔
اسٹریٹجک رسپانس گروپ کے خاتمے کے بعد اس کی بعض ذمہ داریاں دیگر شعبوں کو منتقل کر دی جائیں گی، جبکہ اس کی جگہ شہر میں سولین قیادت میں ایک نیا ڈویژن (Civilian-led Division) قائم کیا جا رہا ہے جو مظاہرین کے ساتھ مکالمے اور کشیدگی کم کرنے (De-escalation) پر توجہ مرکوز رکھے گا۔
اس کے علاوہ 30 پولیس افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے جسے مظاہرین سے براہِ راست بات چیت کی تربیت دی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر ایک علیحدہ پٹرول یونٹ ہجوم کے انتظام میں معاونت فراہم کرے گا۔
نئی پالیسی کے تحت احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس کے حربوں پر نئی قدغنیں عائد کر دی گئی ہیں، جن میں آنسو گیس (Tear Gas) اور بھاری ہتھیاروں (Long Guns) پر باضابطہ پابندی شامل ہے۔ مزید برآں، اب پیپر اسپرے (Pepper Spray) کو بھی ہجوم پر قابو پانے کے لیے ایک عمومی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
اگرچہ میئر ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی ایس آر جی کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم پولیس یونین ’پولیس بینیوولنٹ ایسوسی ایشن‘ (PBA) کے صدر پیٹرک ہینڈری (Patrick Hendry) نے ماضی میں اس منصوبے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے میئر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پولیس کو احتجاجی مظاہروں کےانتظام سے مکمل طور پر باہر رکھنا چاہتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ شہر میں بڑے اور کشیدہ مظاہروں کے دوران یہ نیا نظام عملی طور پر کس حد تک مؤثر ثابت ہوگا۔





