پیرس / نیویارک (ویب ڈیسک)توانائی کے عالمی ادارے انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ خولیجی ممالک سے تیل کی برآمدات میں اضافے کے باعث اکتوبر کے مہینے میں ایران جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ تیل کی منڈی میں سرپلس (Surplus) ریکارڈ کیا گیا ہے اور رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں عالمی تیل کی رسد (Supply) طلب (Demand) سے تجاوز کر جانے کی توقع ہے۔
پیرس میں قائم ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) سے گزرنے کی کوشش کرنے والے آئل ٹینکرز پر حملوں کے تسلسل کے باوجود خلیجی ترسیلات 18.4 ملین بیرل یومیہ تک پہنچ گئیں، تاہم یہ مقدار اب بھی جنگ سے قبل کی سطح کے مقابلے میں 26 فیصد کم ہے۔
آئی ای اے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ “ایران جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار عالمی تیل کی رسد طلب سے آگے نکلنے کے ساتھ ہی تیل کی منڈی میں توازن کی ابتدائی علامات ظاہر ہو رہی ہیں”۔ حالیہ ہفتوں میں امریکی بحری سیکیورٹی (US Escort) کے سائے میں مزید تجارتی جہازوں کی آبنائے ہرمز سے خطرناک گزرگاہ عبور کرنے پر آمادگی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی جنگ کے ابتدائی مہینوں میں ایران نے اس اہم سمندری گزرگاہ کو عملاً بند کر دیا تھا، تاہم اب صورتحال بہتر ہونے سے مجموعی عالمی رسد میں ستمبر کے دوران 30 لاکھ بیرل یومیہ اور اکتوبر میں مزید 23 لاکھ بیرل یومیہ کا اضافہ ہوا۔ دوسری جانب آئی ای اے کے مطابق رواں سال عالمی تیل کی طلب میں مجموعی طور پر 2.7 ملین بیرل یومیہ کی کمی واقع ہونے کا امکان ہے کیونکہ قیمتیں اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح سے کافی اوپر ہیں، جس سے عالمی سطح پر گاڑیوں کی برقی منتقلی (Electrification) اور ایندھن کی بچت کی رفتار تیز ہو گئی ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کے برعکس ڈیزل کی عالمی منڈی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ اکتوبر میں ڈیزل کی قیمت 180 ڈالر فی بیرل پر کھڑی رہی جو جنگ سے قبل کے مقابلے میں تقریباً 77 فیصد زیادہ ہے۔ اس کی بڑی وجہ امریکی حملوں میں معاونت کے الزام میں ایران کی جانب سے پڑوسی خلیجی ممالک کی آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنانا اور یوکرین کی جانب سے روسی ریفائنریوں و توانائی کی تنصیبات پر حملے ہیں جنہوں نے عالمی منڈی میں ڈیزل کی فراہمی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ آئی ای اے نے خبردار کیا کہ مصنوعات کی رسد بالخصوص ڈیزل کی شدید قلت مارکیٹ اور صارفین کے لیے سب سے بڑی تشویش بنی ہوئی ہے۔





