نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر زہران کوامے ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) اور ویمنز نیشنل ساکرز لیگ (NWSL) کی چیمپیئن ٹیم گوتھم ایف سی (Gotham FC) نے مشترکہ طور پر اس اتوار، 8 نومبر کو ‘سیئٹل رین ایف سی’ (Seattle Reign FC) کے خلاف ہونے والے سنسنی خیز کوارٹر فائنل پلے آف میچ کے لیے 3,000 ٹکٹس صرف 12 ڈالر فی کس میں فراہم کرنے کا خصوصی اعلان کیا ہے۔
مقرر کردہ رعایتی ٹکٹس کی تقسیم پہلے آئیے پہلے پائیے (First-come, first-served) کی بنیاد پر جمعرات، 5 نومبر کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔ نیویارک سٹی کے شہری ان رعایتی ٹکٹس کو حاصل کرنے کے لیے آفیشل پورٹل (gothamfc.com/twelve) کا وزٹ کر سکتے ہیں۔
اس خصوصی اقدام پر بات کرتے ہوئے میئر زہران ممدانی نے کہا: “اس اتوار کو سیئٹل کی حکمرانی کا خاتمہ ہوگا جب گوتھم ایف سی ہوم گراؤنڈ پر اتتارے گی۔ فیفا ورلڈ کپ، یو ایس اوپن، اور میٹرپولیٹن اوپرا سے لے کر این ڈبلیو ایس ایل تک، ہم تمام کھیلوں اور ثقافتی تقریبات کے دروازے عوام کے لیے کھول رہے ہیں تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ کھیل سب کا حق ہیں”۔
گوتھم ایف سی نے رواں ہفتے کلب کی تاریخ کا پہلا این ڈبلیو ایس ایل شیلڈ کا ٹائٹل جیت کر این ڈبلیو ایس ایل پوسٹ سیزن میں نمبر 1 سیڈ (No. 1 Seed) حاصل کر لی ہے، جس کی بدولت انہیں کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہوا ہے۔ ٹیم نے اس سیزن میں پوائنٹس، فتوحات اور کلین شیٹس کے تمام کلب ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔
نیویارک میں ساکر کے فروغ کے حوالے سے اس سال ایک اور بڑا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت 2028 سے گوتھم ایف سی کوئنز میں بننے والے ‘ایتھاد پارک’ (Etihad Park) کو اپنا مستقل ہوم گراؤنڈ بنائے گی، جو نیویارک سٹی کا پہلا مخصوص ساکر اسٹیڈیم ثابت ہوگا۔





