نیویارک (ویب ڈیسک): پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے ‘فورتھ پلر یو ایس اے’ (4th Pillar USA) کے زیرِ اہتمام نیویارک میں ایک پروقار بزنس نیٹ ورکنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی (Aamer Ahmed Atozai) نے بطورِ خاص شرکت کی۔ اس تقریب میں پاکستانی امریکی بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، ممتاز تاجروں، صنعت کاروں اور شعبہ جات کے ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قنسول جنرل عامر احمد اتوزئی نے امریکہ اور پاکستان دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے گراں قدر کردار اور خدمات کو شدید سراہا۔

اس تقریب کے دوران کاروباری برادری کے باہمی تعلقات اور دوطرفہ تجارتی شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
قونصل جنرل نے واضح کیا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی نہ صرف امریکہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے بلکہ ترسیلاتِ زر اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

عامر احمد اتوزئی نے فورتھ پلر یو ایس اے کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بزنس نیٹ ورکنگ ایونٹ کے انعقاد کی تعریف کی اور کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و کاروباری روابط کو مزید گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
تقریب میں شریک تاجروں اور پیشہ ور افراد کو پاکستان میں تکنیکی اور تجارتی شعبوں میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون بڑھانے کی ترغیب دی گئی۔





