اسلام آباد (ویب ڈیسک): امریکی سفارت خانے کے ‘یو ایس آرٹس اینڈ میوزک اینوائے پروگرام’ (US Arts & Music Envoy Program) کے تحت امریکہ کی دھائی سو ویں (250th) سالگرہ کے موقع پر معروف امریکی راک بینڈ “برن دی بال روم” (Burn the Ballroom) نے پاکستان کا دورہ کیا اور دارالحکومت اسلام آباد میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے موسیقی کے دلدادگان کے دل جیت لیے۔

اپنے اس ثقافتی اور موسیقی پر مبنی دورے کے دوران بینڈ نے روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز اور اقراء یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے پرجوش لائیو پرفارمنسز دیں۔
اس دورے کا سب سے بڑا مرکز یونائیٹڈ سٹیٹس – پاکستان ایجوکیشنل فاؤنڈیشن (USEFP) میں منعقدہ “فریڈم 250” (Freedom 250) کنسرٹ تھا، جہاں بینڈ نے مرکزی پرفارمنس پیش کر کے شائقین کو جھومنے پرمجبور کر دیا۔

کنسرٹس کے علاوہ بینڈ کے ارکان نے خصوصاً ورکشاپس اور ایک خصوصی ‘کولیبوریشن لیب’ (Collaboration Lab) کا انعقاد کیا۔ اس نشست میں بینڈ ممبرز نے پاکستانی نوجوان تخلیق کاروں اور طلبہ سے گفتگو کی اور انہیں مفید مشورے دیے کہ کس طرح اپنے خام میوزیکل آئیڈیاز کو عالمی سطح کے کیریئر اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

دورے کی سب سے خاص بات امریکی بینڈ کا مقامی پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بیٹھ کر روایتی و جدید آلاتِ موسیقی کا امتزاج بنانا اور نیا میوزک تیار کرنا رہا، جسے دونوں ممالک کی ثقافتی ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
منتظمین کے مطابق اس یادگار میوزیکل سفر اور لائیو پرفارمنس کی دلکش جھلکیوں پر مبنی ویڈیو جلد ہی سوشل میڈیا پر شائقین کے لیے جاری کی جائے گی۔





