لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

بروکلین میں عمارت منہدم،8افراد ہلاک اور17 زخمی،میئرزوہران ممدانی کااظہارِافسوس

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک):نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی (Zohran Mamdani) نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک تفصیلی بیان میں بروکلین میں عمارت منہدم ہونے کے دلخراش سانحے میں 8 افراد کی ہلاکت اور 3 فائر فائٹرز سمیت 17 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

میئر نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اہلکار انتہائی خطرناک حالات میں رات بھر ملبے تلے دبے ممکنہ زندہ افراد کی تلاش میں مصروف رہے۔

میئر زہران ممدانی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں کوئی خلل نہ پڑے، اور اپنی دعاؤں میں متاثرین اور جان جوکھوں میں ڈال کر کام کرنے والے فرسٹ ریسپانڈرز کو یاد رکھیں۔

پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے اس حادثے کو ایک “تباہ کن سانحہ” (Devastating Collapse) قرار دیا۔

حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6 افراد کو جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا تھا جبکہ 2 زخمی رات گئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ جمعرات کی صبح ملبے سے نکالے جانے والے چاروں افراد بظاہر تعمیراتی مزدور (Construction Workers) معلوم ہوتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ عمارت گرنے سے عین قبل مزدوروں کا ایک گروپ منہدم ہونے والی عمارت کے بالکل نیچے کام کر رہا تھا۔

فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) کی جانب سے تعمیراتی سائٹ پر موجود تمام مزدوروں کی درست گنتی کا تعین کیا جا رہا ہے۔متاثرین میں 7 بچے بھی شامل:نیویارک سٹی فائر کمشنر للیان بونسیگنور (Lillian Bonsignore) نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے مجموعی متاثرین میں 7 بچے بھی شامل ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا جاں بحق ہونے والوں میں کوئی بچہ شامل ہے یا نہیں۔

حکام کے مطابق ملحقہ تعمیراتی سائٹ پر کھدائی (Excavation) کا کام جاری تھا، جسے صرف ایک تین منزلہ عمارت کی تعمیر کی منظوری دی گئی تھی، جبکہ وہاں ایک 9 منزلہ مخلوط (رہائشی و تجارتی) عمارت تعمیر کرنے کے منصوبوں کی ابھی تک باضابطہ منظوری نہیں دی گئی تھی۔

نیویارک کا محکمہ عمارت (Department of Buildings) اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں۔