نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک کے بورو دی برونکس (The Bronx) میں اسکول جاتے ہوئے گولیاں مار کر قتل کیے جانے والے 15 سالہ طالبعلم جیوٹس فریمپونگ (Javits Frimpong) کے قتل کے کیس میں نیویارک پولیس (NYPD) نے بدھ کے روز ایک 17 سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔
نیویارک پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے لڑکے پر عائد کی جانے والی باضابطہ دفعات فی الحال عام نہیں کی گئیں، جبکہ واقعے میں ملوث مزید 2 مشتبہ ملزمان کی تلاش تاحال جاری ہے۔
یہ گرفتاری ایک ایسے دن سامنے آئی ہے جب مقتول جیوٹس فریمپونگ کا خاندان معروف امریکی شہری حقوق کے رہنما ریورنڈ ال شارپٹن (Rev. Al Sharpton) اور قانونی ماہر بن کرمپ (Ben Crump) کے ہمراہ پریس کانفرنس کر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ کرنے والا تھا۔
10ویں جماعت کا طالب علم جیوٹس فریمپونگ محض ایک سال قبل ہی افریقی ملک گھانا سے اپنے بہتر مستقبل کے لیے امریکہ منتقل ہوا تھا۔ 29 اکتوبر کو جب وہ کروٹونا پلیس اور ایسٹ 171 اسٹریٹ کے قریب اپنے اسکول جا رہا تھا تو مسلح افراد نے اس کا تعاقب کر کے اسے گولیوں کا نشانہ بنا دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیئے:مظلومانہ قتل، اسکول میں بلنگ کے انکشافات اور کمیونٹی کا شدید غصہ
مقتول کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ فائرنگ کے اس دردناک واقعے سے چند دن قبل ان کے بیٹے کو اسکول میں شدید ہراساں اور تذلیل (Bullying) کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، جس پر اسکول پرنسپل نے 2 طلبہ کو ایک ہفتے کے لیے معطل بھی کیا تھا۔ دوستوں کے مطابق جیوٹس انتہائی خاموش طبع اور پرامن بچہ تھا۔
واقعے کے بعد دی برونکس کی کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ نیویارک سٹی پبلک اسکولز کے چانسلر قمر سیموئلز (Kamar Samuels) نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں کونسلنگ اور پورٹ ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں اور پولیس تحقیقات میں مکمل تعاون کیا جا رہا ہے تاکہ اسکولوں کو بچوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔





